دیسی گھی کے مرغوں،بکروں کے بغیر نہ رہنے والابھوک ہڑتال کیسے کرسکتا ہے؟،عظمیٰ بخاری


لاہور:( اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے دیسی گھی کے مرغوں،بکروں کے بغیر نہ رہنے والابھوک ہڑتال کیسے کرسکتا ہے، لگتا ہے بھوک ہڑتال کی باتیں کرنے والے تو روزہ بھی نہیں رکھتے ہوں گے، قیدی کی بلیک میلنگ اور دھونس و دھمکی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاقیدی نمبر 804کے جائز و ناجائز مطالبے مانے جا رہے ہیں، اڈیالہ جیل میں کتنے لوگ ہیں جنہوں دیسی گھی و مٹن ملتا ہے، جیل میں شیلف بنی ہے جس میں امپورٹڈ کھجوریں ، بادام ،اخروٹ پڑے ہوتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاقیدی پاکستان کےخلاف سازش اور ایک صوبے کو دوسرے سے لڑانے کےلئے سازش کررہاہے اگر ملک کےخلاف سازش یا انقلاب لایا گیا تو پھر انقلاب کو واپس کرنا اچھی طرح آتا ہے،ملک کےخلاف آرٹیکل اور آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے باوجود عمران خان کو قانونی طورپر ریلیف دیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو ثقافت کی وزارت کا اضافی چارج سونپ دیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، سید کوثر عباس میڈیا کوآرڈی نیٹر اور وزیراعلیٰ کے آفیشل ترجمان بن گئے۔