کوالیفائیڈ پاکستانی نرسز کو ملازمت کیلئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان اور امریکہ نے کوالیفائیڈ پاکستانی نرسز کو ملازمت کیلئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق کرلیا گیا،نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس نے وزارت داخلہ اسلام آباد کا دورہ کیا، محسن نقوی نے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی ،وفد کا خیر مقدم کیا،ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، صحت اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ،کوالیفائیڈ پاکستانی نرسز کو ضروری پراسیس مکمل کرنے کے بعد ملازمت کیلئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق کیا گیا،طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، صحت، تعلیم اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے قابل عمل پلان تیار کیا جائے گا۔

ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی فل راموس نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو نیویارک کے دورے کی دعوت بھی دی،فل راموس نے کہا امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے، امریکہ میں کوالیفائیڈ نرسز کی کمی ہے ،دوطرفہ اشتراک کار کے فروغ سے دونوں ملکوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا تعلیم، صحت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع ہیں، اپنے دور میں پنجاب میں شعبہ نرسنگ پر خصوصی توجہ دی اور نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد دگنا کی، اسلام آباد میں بھی نرسز کی تعداد میں اضافے کا پلان بنالیا، پاکستانی کوالیفائیڈ نرسز کو نیویارک بھجوانے کےلئے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں گے، میرے حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر مثبت بات چیت ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا، باہمی تعاون مزید بڑھانے کےلئے نئے شعبوں کی نشاندہی کرکے فوری اقدامات کریں گے، اشتراک کار کےلئے ہر جگہ اور ہر سطح پر ہونے والے اقدامات کی خود مانیٹرنگ کروں گا، پاکستان امریکہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔