محرم میں امن و امان میں کوتاہی کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی:آئی جی جیل خانہ جات

لاہور (مرزا ندیم بیگ) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے محرم الحرام میں امن امان اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ پنجاب بھر کی جیلوں کے تمام ڈپٹی انسپکٹر ز جنرل کو مراسلہ جاری کر دیا گیا،عدم تعمیل اور کوتاہی کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جا ت کی طرف سے جاری کئے گئے مراسلہ میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام سپرنٹنڈنٹ ،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، میڈیکل آفیسر ،پیرا میڈیکل سٹاف اور جیل افسران 12 محرم تک بشمول ہفتہ وار تعطیل صبح سے شام تک اپنے دفاتر اور جیل حدود میں موجود رہیں گے ،اس دوران کسی جیل آفیسر کو مجاز اتھارٹی کی طرف سے عطا کردہ چھٹی خود بخود منسوخ تصور ہو گی تاکہ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بذات خود متعلقہ آفیسر کو ہذریعہ ٹیلی فون کسی ایمرجنسی کی بنیاد پر چھٹی کی اجازت دیں،دو ڈیوٹی آفیسرز جیل کے چکر دفتر میں موجود رہیں گے ،ایک افسر ہمہ وقت اہل تشیع اسیران کی مجلس (اگر ہو)کی جگہ موجود رہے گا اور وائرلیس کے ذریعے انتظامیہ جیل سے رابطہ میں رہیگا ،ڈے ڈیوٹی آفسیر اور لائن آفیسر ایڈمنسٹریٹو بلاک میں موجود رہیں گے ،اسی طرح ایمرجنسی یا ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جیل افسران و ملازمین پر م مشتمل ریزرو فورس تشکیل دی جائے گی جو 12 محرم تک بشمول ہفتہ وار تعطیل صبح سے شام تک الرٹ رکھی جائے گی ،ریزروفورس کی ہر ٹیم کم ازکم 14 جوانوں اور ایک افسر پر مشتمل ہو گی جنھیں سپرنٹنڈنٹ جیل مناسب حکمت عملی کے ساتھ استعمال میں لا سکیں گے،سپرنٹنڈنٹ جیل مقامی ڈپٹی کمشنر،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر،پنجاب ایمرجنسی سروس( 1122) فائر بریگیڈ ،بجلی،گیس و ٹیلی فون کے محکمہ جات کے مقامی آفیسران ،ضلعی انتظامیہ ،مقامی ہسپتال کی انتظامیہ اور اپنے ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہیں گے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انہیں فوری طور بذریعہ ٹیلی فون whatsapp اور خصوصی پیغام رساں آگاہ کریں گے اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب اقدامات کریں گے ،میڈیکل آفیسر جیل اور پیرا میڈیکل سٹاف اہل تشیع اسیران کی مجالس کے لئے میڈیکل سہولیات کا مناسب بندوبست رکھیں گے ،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ایگزیکٹو)اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ انچارج چکر ان مجالس کے ساتھ بذات خود موجود رہیں گے ،ہرقسم کے سامان کو سکیننگ مشین کے ذریعے چیک کرنے کے بعد جیل کے اندر بھیجا جائے گا،سکیننگ مشین کی عدم موجودگی یا خرابی کی صورت میں سپرنٹنڈنٹ جیل سامان کی چیکنگ و تلاشی کا مناسب متبادل بندوبست کریں گے ،آئی جی جیل کی ہدایت کے مطابق اہل تشیع اسیران کی مجالس کے انعقاد کے لئے ایسے تمام اسیران کو مناسب طور پر علیحدہ بارکوں میں رکھا جائے گا اور دیگر مسالک و مذاہب کے اسیران کے ساتھ ہر گز نہیں رکھا جائے گا،اسیران کو اس طرح علیحدہ کرنے سے پہلے سپرنٹنڈنٹ ان کے مذہب و مسلک کی مناسب سکیورٹی بذات خود کریں گے اور تسلی کریں گے کہ دیگر مسالک و مذاہب کے اسیران اور اہل تشیع اسیران باہم غلط ملط ہو کر کسی شر انگیزی کا باعث بنیں ،اہل تشیع اسیران کی مجالس کیلئے نوحہ خواں اور ذاکر وغیرہ کا انتظام جیل کے اندر سے کیا جائے ،جیل افسران و ملازمین کو باقائدہ طور ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ تحمل مزاجی و بردباری سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں ،تمام اسیران کو پابند کیا جائے گا کہ وہ دیگر مذاہب و مسالک کے خلاف کوئی نعرہ بازی وغیرہ ہرگز نہ کریں گے ،سپرنٹنڈنٹ جیل کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر اپنے ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات فوری طور پر متعلقہ جیل پر خود پہنچیں گے اور جیل عملے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر صورتحال کو مانیٹر اور کنٹرول کریں گے اور صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ اطلاع انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کو دیں گے ،ریجنل ڈپٹی انسپکٹر جیل خانہ جات اپنے ریجن کی تمام بالخصوص حساس جیلوں کیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ،ڈسٹرکٹ پولیس آفسیرز،پنجاب ایمرجنسی سروس(1122 )،فائر برگیڈ ،بجلی،گیس و ٹیلی فون کے محکمہ جات کے ضلعی افسران ،ضلعی انتظامیہ اور ضلعی ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کر کے مقامی طور پر ہنگامی صورتحال ترتیب دیں گے تاکہ بعد ازاں کسی ناگہانی صورتحال سے وہ بذات خود بطریق احسن نمٹ سکیں،ریجنل ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور سپرنٹنڈنٹ جیل ماہ محرم الحرام کے آغاز سے تین یوم قبل اپنے ریجن اور جیلوں کیلئے بالابابت ایس او پی بنا کر انسپیکٹوریٹ ہذا بھجوا ئیں گے ،مزید برآں جیل کے لاک اپ کے فوری بعد روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ انسپیکٹوریٹ کو بھجوائیں گے ،مراسلہ کے آخر میں آئی جی جیل خانہ جات کی طرف سے وارننگ دی گئی ہے کہ مندرجہ بالا ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ،عدم تعمیل یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ سپرنٹنڈنٹ جیل اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ براہ راست ذمہ دار ٹھرائے جائیں گے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔