ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرکمپلیکس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب مکمل ہو گئی ہے اور آنے والے سائلین اور ملازمین کیلئے پینے کا صاف پانی وافر دستیاب ہے۔ پہلے سے موجود اس فلٹریشن پلانٹ کی مرمت پسپ پروگرام کے تحت کروائی گئی۔ کمشنر نے فلٹریشن پلانٹ کے فنکشنل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو صدقہ جاریہ قرار دیا ہے اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عوام کو صاف پانی کی دستیابی کیلئے بھرپور تعاون کریں۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے محرم الحرام کے دوران عزاداران کو سہولیات کی فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور سی او میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد کو ہدایت کی کہ ذوالجناح کے تمام روٹس پر پیچ ورک اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی کا کام اگلے دو دنوں میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ضلع کی تمام امام بارگاہوں کے اردگرد صفائی بہتر بنانے کیلئے میونسپل اداروں اور ضلع کونسل کو بھی ہدایت جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد رسول وڑائچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ پسپ پروگرام کے انجینئر حمزہ چوہان نے بتایا کہ پیر سے فرید ٹا¶ن میں سڑکوں کی بحالی کا کام شروع ہو جائیگا جس کے بعد آڑاتلہ روڈ، ریلوے روڈ اور دوسری سڑکوں کو بھی بحال کیا جائے گا جو سیوریج پائپ ڈالنے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سی او کارپوریشن کو ہدایت کی کہ شہر سے کوڑا اکٹھا کرنے کیلئے ٹرانسفر پوائنٹس کی جلد نشاندہی کرلی جائے تاکہ شہر میں جمع ہونے والا تمام کوڑا اٹھایا جا سکے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضروری اشیاءصرف کی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور روٹی کی مقررکردہ قیمت پر فروخت پر خصوصی توجہ دیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عمران منیر، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر رائے مشتاق، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عاطف رضا میر، ایس این اے خرم سلیم اور اے سی جنرل رائے فیصل عمران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آٹا کی قیمت کی بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور کہیں بھی آٹا مقررہ قیمت سے زائد پر فروخت نہ ہو۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامی کو مانیٹر کرنے اور قیمتوں کے درست تعین کی بھی ہدایت کی۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا دورہ پاکپتن،دورے کے دوران زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف، ایکسین بلڈنگ،ایکسین ہائی وے،ایکسین میپکو اور سی او میونسپل کمیٹی پاکپتن کی عدم موجودگی پر اظہار ناراضگی،عدم موجودگی بارے وضاحت طلب۔تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے عرس دربار بابا فرید مسعود گنج شکر کے انتظامات اور زائرین کیلئے روٹس اور محرم الحرام کی مجالس کے روٹس کا جائزہ لینے کیلئے پاکپتن کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ہدایات کے باوجود زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف،ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ پاکپتن،ایگزیکٹو انجینئر ہائی وے،ایگزیکٹو انجینئر میپکو اور سی او میونسپل کمیٹی پاکپتن کی عدم موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور عدم موجودگی بارے وضاحت طلب کر لی۔
مخیر حضرات عوام کو صاف پانی کی دستیابی کیلئے تعاون کریں: کمشنر ساہیوال ،عرس بابا فرید گنج شکر کیلئے انتظامات کا جائزہ

















