محرم الحرام کے دوران صوبے کو پرامن اور محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہیں: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں فالو اپ آر پی اوز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز،ڈی پی اوزسمیت سینئر افسران نے شرکت کی، پولیس افسران نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے پنجاب پولیس پر اعتماد کے اظہار اور اپنی فرنٹ لائن فورس قرار دینے پر اظہار تشکر کیا۔ سینئر پولیس افسران نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں ٹیم ورک سے صوبہ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، کارکردگی کے بنیادی عشاریہ (کی پرفارمنس انڈیکیٹرز) سسٹم کے پیش نظر پولیس ورکنگ میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے ہدایت کی کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس، انسداد جرائم، سروس ڈیلیوری کے لئے مزید جوش و جذبے سے کام کریں، کرائم پاکٹس، نوگو ایریا، سمگلنگ، منشیات فروشی، شدت پسندی کے خلاف بھرپور ایکشن لیں، دوران کانفرنس آئی جی پنجاب کا محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، آر پی اوز، ڈی پی اوز کی محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس محرم الحرام کو پرامن اور محفوظ بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمدکے پیش نظر پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں، صوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے جامع اور پہلے سے بہتر حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تمام اضلاع میں مجالس و جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ صوبہ بھر میں عشرہ محرم میں 38 ہزار سے زائد مجالس اور 10 ہزار 700 سے زائد جلوس منعقد ہونگے،یکم سے 10محرم کے دوران صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 57 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ عشرہ محرم کے ہر دن جلوسوں اور مجالس کی تعداد کی مناسبت سے نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن ہے اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی انسداد منشیات کریک ڈاو¿ن میں تیزی لائی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 57 ہزار سے زائد ریڈز کئے گئے، مکروہ دھندے میں ملوث 30 ہزار سے زائد ملزمان کوگرفتار کرتے ہوئے 29922 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 17182 کلوگرام چرس، 171 کلوگرام آئس، 360 کلوگرام ہیروئن پاو¿ڈر، 702 کلوگرام افیون، 04 لاکھ 40 ہزار لٹرز شراب برآمد کی گئی جبکہ نشے کے عادی 666 افراد کو بحالی مراکز میں داخل کروایا گیا۔