قصور:مہنگائی، ناجائز ٹیکسزکے نفاذ پر شہریوں کا احتجاج
قصور :(بیورو رپورٹ) مہنگائی اور ناجائز ٹیکسزکے نفاذ پر شہریوں کاپریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ،حکومت کےخلاف سخت نعرے بازی اور بجلی و گیس کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کردیا
پریس کلب قصور کے باہر پیرووالا روڈ کے رہائشیوں نے مہنگائی ، بیروزگاری او ربجلی و گیس کے بلوں میںناجائز ٹیکسز کے نفاذ پر سخت احتجاج کیا،مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگی بجلی نامنظور،مہنگا پٹرول نامنظور،ظالمانہ ٹیکس نامنظورکے نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے کہا ہو شربا مہنگائی سے 2 وقت کی روٹی کھانا دشوار ہو چکا ،حکومت ہزاروں روپے کے بجلی و سوئی گیس کے بل بھیج کر دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین رہی ہے،حکمرانوں نے حکومت میں آنے سے پہلے 200یونٹ اور 300یونٹ بجلی عوام کو مفت دینے کے وعدے کےے تھے مگر افسوس ہزاروں روپے کے ماہانہ بجلی و گیس کے بل بھیج کر عوام کا بھرکس نکال دیا ہے،ہم موجودہ حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلائیں، عوام مہنگائی و بیروزگاری کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

















