اسلام آباد (مشرق نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔ جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے 12 جولائی تک ہر حال میں فیصلہ سنانا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ گزشتہ روز وکیل سلمان اکرم راجہ نے سزا معطلی کے درخواست مسترد ہونے کے فیصلے پر جزوی دلائل دئیے تھے۔ دوران سماعت، سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں مسلم فیملی لا کے سیکشن 7 کا حوالہ دیا، جس پر جج افضل مجوکا نے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ اس کیس میں سیکشن 7 لاگو نہیں ہوتا؟
سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی جانب سے عدالت میں مسلم لا کے حوالے سے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا۔ وکیل نے دلائل میں کہا کہ فیملی لا ذاتی قانون کا حصہ ہے اسلئے ایسے کیس شریعت کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اگر یونین کونسل کا پروسیجر مکمل نہیں بھی ہوتا تو طلاق موثر ہوجائیگی، عدالت نے کہا سیکشن 7 کو پریشر ڈالنے کیلئے نہیں استعمال کیا جا سکتا، ایک کیس میں سیکشن 7 کا نوٹس نہیں ہوا تو خاتون نے خرچہ کا دعویٰ کر دیا، عدالت نے اس کیس میں بھی خاتون کو خرچے کا حق دیا، اس کیس میں ان کیسوں کا حوالہ دیا گیا جس میں عدت کا کوئی ذکر ہی نہیں۔
دوران عدت نکاح کیس، 12 جولائی تک ہر حال میں فیصلہ سنانا ہے: جج افضل مجوکا



















