اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آبادکی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کی دوران عدت نکاح کیس میں سزاکےخلاف اپیلوں پر سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ کی دوران عدت نکاح کیس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت کی،دوران سماعت عمران خان کے وکلاءزاہد بشیر ڈار اور مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی سینئر وکیل سلمان اکرم تھوڑی دیر میں آ رہے ہیں، اس لیے سماعت میں مختصر وقفہ کر دیں،دوسری جانب خاور مانیکاکے جونیئر وکیل نے بھی استدعا کی کہ سینئر وکیل زاہد آصف 11 بجے پیش ہوں گے، لہٰذا سماعت میں وقفہ کیا جائے،ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کہا کیس کا فیصلہ کرنا ہے، سلمان اکرم دلائل دیں، عدالت نوٹ کر لے گی اوراس کے ساتھ ہی عدالت نے سلمان اکرم کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا،مختصر وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا میں جزوی دلائل دوں گا، باقی کل کےلئے کیس رکھ لیں، سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کا کیس ہے، سزا معطلی کی درخواست پر آرڈر دیکھا ہے، میرے کچھ پوائنٹ فیصلے میں تحریر نہیں،جج افضل مجوکا نے سلمان اکرم راجہ سے کہا آپ کے پاس پورا ٹائم ہے، آج اور کل بھی ہے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا بدنیتی اور فراڈ میں جو چیز مشترکہ ہے وہ ارادہ ہوتا ہے،جج افضل مجوکا نے سوال کیا اگر رجوع کا حق تھا تو وہ ایک سول معاملہ ہے، اس کا کریمنل سے کیا تعلق؟، سلمان اکرم راجہ نے کہا یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ میں رجوع کر لیتا، اگر فراڈ ہوا تھا تو اسی وقت عدالت جاتے اور کہتے کہ میں نے رجوع کرنا تھا، ایک دن نکاح ہوا، دوسرے دن خاور مانیکا کو پتہ چل گیا لیکن وہ خاموش رہے،سماعت کے آخر میں جج افضل مجوکا نے کہا عدالت نے ہر صورت 8 جولائی تک یہ کیس کو ختم کرنا ہے،بعدازاں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت آج صبح 11 بجے تک کیلئے ملتوی کر دی علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان ، شاہ محمود قریشی ودیگر کیخلاف توڑ پھوڑ مقدمات پر سماعت29 جولائی تک ملتوی کردی،انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، عمر ایوب ، علی نواز اعوان و دیگر رہنماو¿ں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی اور تھانہ گولڑہ میں درج دو مقدمات کی سماعت کی،انسداد دہشتگردی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی اور پرویز الٰہی سمیت 176 ملزمان کا چالان آگیا ہے،سردار مصروف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا اسد عمر اس کیس سے ڈسچارج ہوچکے ہیں، جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ جو ملزمان غیر حاضر ہیں ان کے بلا ضمانتی وارنٹ جاری کر رہے ہیں ، آخری موقع ہے اگر آئندہ سماعت پر حاضری یقینی نہ بنائی گئی تو ضمانتیں خارج کردی جائیں گی،عدالت نے کیسز کی سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی۔
عدت کیس ہر صورت 8 جولائی تک مکمل کرنا ہے: سیشن جج افضل مجوکا

















