جمرود: دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ پسپا، 2 جوان شہید، قوم دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے متحد ہے: وزیراعظم

جمرود، اسلام آباد (نمائندہ مشرق) جمرود میں نامعلوم دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، حملے میں 2جوان شہید ہو گئے،تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے راکٹ لانچرز اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ خیبر کے علاقے جمرود میں تختہ بیگ میں واقع پولیس اور ایف سی کی مشترکہ چیک پوسٹ پر کیا گیا،چیک پوسٹ پر موجود پولیس اور ایف سی کے شیردل جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اور ایف سی کے 2 جوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا،حملے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی، اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا، حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ایف سی کے جوان نے جام شہادت نوش کیا ہے، پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرکی تختہ بیگ پوسٹ پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایک پولیس اور ایک ایف سی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکار اعجاز اور شہید ایف سی اہلکار شہزاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا قوم دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے متحد ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر محسن نقوی نے کہا اتحاد اور اتفاق سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں،وزیر داخلہ نے ضلع خیبر کی پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا،محسن نقوی نے کہا دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔