پنجاب ،لاکھوں نوجوانوں کیلئے باعزت روز گار، دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی خصوصی ہدایت پر دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع ،عوام کی آسانی کے احسن اقدام سے پنجاب بھر میں لاکھوں نوجوانوں کےلئے باعزت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

مریم نوازنے کہا مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک بڑھائیں گے،سروسز 10 سے بتدریج بڑھا کر 65 تک کرنے پر کام شروع ہو چکا ،عوام کو دفاتر کے چکر کاٹنے کی بجائے گھر بیٹھے بٹھائے تمام سروسز میسر ہوں گی،پروگرام سے نہ صرف سروسز گھر بیٹھے ملیں گی بلکہ کرپشن و استحصال کا خاتمہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی دور میں داخل ہو چکا ، مزید مثبت و نہایت مفید تبدیلیاں لائیں گے،انفارمیشن ٹیکنالوجی ،آرٹیفشل انٹیلی جنس سے عوام کی زندگیوں میں بھر پور آسانیاں لارہے ہیں،لاکھوں نوجوان نمائندے مریم کی دستک پروگرام میں سہولت کار کی خدمات سرانجام دیں گے،دستک سروسز کی فراہمی سے نوجوان با عزت طریقے سے روزانہ ہزاروں روپے کما سکیں گے۔

مریم نواز نے کہانمائندوں کی اہلیت کےلئے اصل شناختی کارڈ، کم از کم عمر 18 سال، کم از کم تعلیم انٹرمیڈیٹ ،موبائل فون بمعہ انٹرنیٹ ضروری ہے،متعلقہ پولیس سٹیشن سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ، ذاتی موٹر سائیکل اور لائسنس کا ہونا لازم ہوگا ،میرٹ پر آنےوالوںکو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

دریں اثناپارلیمانی نظامِ حکومت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہاپارلیمانی جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے، پارلیمنٹ جمہوریت کی بنیاد ،معاشرے میں انصاف اور مساوات کے اصولوں کی محافظ ہے،پارلیمانی نظام شفافیت، جوابدہی، حکمرانی میں عوام کی نمائندگی کو یقینی بناتا ہے، ہر شخص ، ادارہ پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاقومی و صوبائی ایوانوں کے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مضبوط پارلیمنٹ انتہائی ضروری ہے، پارلیمانی جمہوریت شہریوں کی فعال شرکت سے فروغ پاتی ہے، جمہوریت کی قوت پارلیمانی اداروں کی مضبوطی میں ہے،پنجاب اسمبلی میں قائم پارلیمانی ڈویلپمنٹ یونٹ جمہوری اصولوں کے مطابق اراکین اسمبلی کی معاونت کرےگا۔