نیویارک (خواجہ فاروق) امریکہ میں سفارتی تبدیلیاں بارش کا پہلا قطرہ، اوورسیز خوشی سے سرشار، کریڈٹ ”مشرق“ کی مثبت رپورٹنگ کو دیدیا، اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ حکومت نے امریکہ میں نااہل سفیر سردار مسعود کو تبدیل کرکے دل جیت لئے، اب اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم سے بھی عہدہ فوری واپس لیا جائے جبکہ سینئر سفارتکار رضوان سعید اور عاصم افتخار کی تقرری بہترین فیصلہ ہے، امید ہے دونوں ملک و کمیونٹی کی خدمت کیلئے دن رات ایک کریں گے، مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ سردار مسعود خان اور منیر اکرم نے اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان کی شہ رگ کشمیر کی پیٹھ پر چھرا گھونپا، خارجہ پالیسی کو شدید نقصان پہنچایا، صرف اور صرف اپنے مفادات کے حصول کیلئے کام کرتے رہے، سفارتی تبدیلیوں کاکریڈٹ روزنامہ ”مشرق“ کی مثبت رپورٹنگ کو جاتا ہے، مشرق ہمیشہ کمیونٹی کی آواز بنا، جراتمندانہ صحافت سے سفارتکاروں کی بدترین نااہلی اور مبینہ کا پردہ چاک کیا، موجودہ دور میں سچائی پر مبنی صحافت کرنا کسی جہا د سے کم نہیں۔ امید ہے ”مشرق“ اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا مشن جاری رکھے گا، بے باک صحافت کرنے پر مشرق انتظامیہ اور بیورو چیف خواجہ فاروق کو زبردست خرا ج تحسین پیش کرتے ہیں۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ صرف سردار مسعود خان کی تبدیلی کافی نہیں، آپریشن کلین اپ ناگزیر ہے، اقوام متحدہ میںمستقل مندوب منیر اکرم، قونصل جنرل نیویارک عامر خان اتوزئی، وائس قونصل جنرل عمر شیخ، پریس اتاشی ضیغم عباس، پریس قونصلر سرفراز حسین، یو این مشن پاکستان میں تعینات پریس قونصلرامانت علی کو بھی فوری ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس میں قرارداد کی منظوری سفارتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، تاریخ میں پہلی بار کمیونٹی کی جانب سے سفارتکاروں کی نااہلی سے تنگ آکر قرارداد کی منظوری کیلئے بھرپور لابنگ کی گئی، علم ہونے کے باوجود نااہل سفارتکاروں نے قرارداد رکوانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا، امریکہ میں تعینات تمام عملہ ملک وقوم کی خدمت کرنے کی بجائے نہ جانے کس کے ایجنڈے پر گامزن ہے، اپنی نااہلی و کرپشن چھپانے کیلئے صحافیوں، کمیونٹی تک کو تقسیم کردیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیز نے مزید کہا نااہل سفارتی عملے نے کمیونٹی کی زندگی اجیرن بنا دی۔ پاسپورٹ، شناختی کارڈ تک کیلئے خوار ہورہے ہیں، عملے کا تکبر اتنا ہے کسی سے ملنا تو دور بات کرنا تک گوارا نہیں کرتے، فوری آپریشن کلین اپ کیا جائے ورنہ امریکہ سمیت دنیا میں سفارتی تنہائی میں اضافہ ہونے کیساتھ ملک معاشی طور پر مزید کمزور ہوگا۔ ادھر رپورٹ کے مطابق سردار مسعود خان نے جاتے جاتے بھی قومی خزانے کو لاکھوں ڈالر کا ٹیکا لگا دیا، سردار سفیر مسعود نے سفارتخانے میں قوالی کی رنگارنگ محفل سجائی، تقریب میں ناچ گانا بھی چلتا رہا، ڈالرز کی بارش کی گئی، تقریب میں قرارداد کی حمایت کرنےوالوں کو مدعو کرنا بڑا سوالیہ نشان ہے، کمیونٹی اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کا داخلہ ممنوع رکھا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ناچ گانے کی محفل کا نوٹس لیکر سردار مسعود خان کو فوری چارج چھوڑنے کاحکم دیدیا جبکہ مستقل مندوب منیر اکرم کو چارج چھوڑنے کا حکم نامہ موصول نہ ہونے سے اوورسیز میں نہایت تشویش پائی جاتی ہے، منیر اکرم کو پیپلز پارٹی دور حکومت میں بھی تبدیل کیا گیا تھا مگر دوبارہ تعیناتی نے بہت سے سوالات کو جنم لیا۔ اوورسیز پاکستانیز نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا سفارتی تبدیلیوں تک اکتفا کرنے کی بجائے سخت ایکشن لیا جائے، مبینہ کرپشن اور ملکی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچانے کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے، تحقیقات میں بڑے بڑے راز فاش ہوں گے، واضح رہے سابق وائس قونصلر جنرل نواب علی خان نے قونصلیٹ آفس نیویارک میں 3 خواتین کو ساز باز کر کے نوکریاں دیں،ایک خاتون کو اپنا اسسٹنٹ کیا جو قونصلیٹ میں کام کی غرض سے آنےوالے اور سیز پاکستانی خواتین اور مردوں سے انتہائی بدتمیزی سے پیش آتی ہے۔
امریکہ میں سفارتی تبدیلیاں بارش کا پہلا قطرہ، اوورسیز خوشی سے سرشار ،کریڈٹ ”مشرق“ کی مثبت رپورٹنگ کو دیدیا


















