عدت نکاح کیس ،سزا معطلی کی اپیلیں مسترد، عمران، بشریٰ کی 7،7 برس قید برقرار،فیصلہ چیلنج کرینگے،پی ٹی آئی

راولپنڈی :(بیورو رپورٹ) عدت نکاح کیس میں، عمران، بشریٰ کی اپیلیں مسترد، عدالت نے 7،7 قید کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج افضل مجوکا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی اپیلیں مسترد کرکے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا دونوں اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں، سزا معطل کرنے کی کوئی وجہ موجود نہیں، مجرمان دفعہ 426 کے تحت قابل ضمانت جرم میں ضمانت کے دعویدار نہیں ہوسکتے،قانون کے تحت خاتون مجرم بھی ضمانت کی دعویدار نہیں ہوسکتی،سزا معطلی یا ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران مقدمے کے میرٹس پر بات نہیں کی جا سکتی، دونوں ملزموں کو دی گئی سزا قلیل مدتی ہے نہ ہی سزا کا زیادہ حصہ بھگت چکے ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں پاکستان کریمنل لا جرنل میں موجود ریاض بنام سرکار کیس کا حوالہ بھی دیا،ریاض بنام سرکار کیس کے فیصلے میں کہا گیا ضمانت انڈر ٹرائل ملزم کا حق ہے، سزا یافتہ کا نہیں،مرکزی اپیل کا فیصلہ 2ہفتے میں ہونا ہے لہٰذا سزا معطلی کا جواز نہیں، اپیل پر تو ایک درخواست گزار کی جانب سے جزوی دلائل بھی دیئے جا چکے ، سزا معطلی کی قانونی شق کو ضمانت کی قانونی شق کے برابر قرار نہیں دیا جا سکتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیااپیلیں زیر التوا ہوں تو سزا معطلی کو درخواست گزار کا استحقاق قرار نہیں دیا جاسکتا، اعلیٰ عدالتوں کے متعدد فیصلے موجود ہیں،جرم کا قابل ضمانت ہونا سزا معطلی کے جواز کے طور پر عدالتوں نے قبول نہیں کیا،فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔جیل کی جانب جانیوالے تمام راستوں کو بند رکھا گیا،یاد رہے عمران ،بشریٰ کو 3 فروری 2024 کو 7، 7 برس قید کی سزاسنائی گئی تھی ،سزاکےخلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت 2 جولائی کو ہو گی۔

ادھر پی ٹی آئی نے فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا،عمر ایوب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے،فارم 47 کے وزیراعظم وزیراعظم نہیں وہ شہباز شریف ہیں، گزشتہ روز قومی اسمبلی میں واضح کہا لیڈروں،اسیروں کی رہائی تک کسی کےساتھ بات چیت نہیں ہوگی۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہاعالیہ حمزہ کے دستخط استعمال کئے جارہے ہیں، جیل میں قیدیوں کو سہولتیں نہیں دی جا رہیں، تحریک آگے اور تیزی سے چلے گی، ہر جگہ مظاہرے کریں گے۔

کنول شوذب نے کہا عدالت نے انصاف کا قتل کیا، پاکستان کی 52 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، عدالت نے خواتین کے بنیادی حقوق کو اچھالا،عمران،بشریٰ بے بنیاد کیس میں قید ہیں،رانا ثنا نے واضح کہابانی پی ٹی آئی کو جیل میں بند رکھیں گے یہ وہ لوگ ہیں جن کے پلیٹ لیٹس گرتے ، گردے درد کرتے تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ سے کیس کو آئین کے مطابق حل کرائیں گے، اسمبلی میں اصل نمائندگی پی ٹی آئی کی بنتی ہے۔

دوسری جانب عمران،بشریٰ کی اپیلیں مسترد ہونے پر مشتعل کارکنوں نے ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر عمر ایوب ،فیصل جاوید کو گھیر لیا،دونوں رہنمااحاطہ عدالت سے باہر آئے تو چہرے اترے ہوئے،پریشانی نمایاں تھی،باہر آتے ہی سینیٹر اعظم سواتی نے رہنماو¿ں سے راستے جدا کرلئے اور سڑک پر جا کر کارکنوں کےساتھ کھڑے ہو کر نعرے لگانے شروع کر دئیے،کارکنوں نے قیادت کو سڑکوں پر نہ آنے کے طعنے دئیے اور بار بار مطالبہ کیا گھر جانے کی بجائے دھرنے کا اعلان کیا جائے،کارکنوں نے عمر ایوب کو گھیر کر سوال کیا احتجاج کی کال کیوں نہیں دے رہے؟ ،عمر ایوب ،پی ٹی آئی کارکنوں میں دھکم پیل بھی ہوئی،کارکنوں نے کہا عمران خان کو کچھ ہوا تو قیادت کو نہیں چھوڑیں گے، تم لوگوں نے بزدلی دکھائی،عمران،بشریٰ کی رہائی کیلئے احتجاج کی کال دی جائے