عوامی خدمات کی فراہمی کےلئے ضلعی عدلیہ میں اصلاحات متعارف

لاہور: (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ نے عوامی خدمات، بہتر عدالتی کارکردگی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کرا دیں،اصلاحات کا اعلان لاہور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،اصلاحات کا مقصد عدالتی نظام کی مجموعی کارکردگی بہتر ، وکلاو سائلین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ججوں، عدالتی عملے ،عام لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔

قائم مقام چیف جسٹس نے ہدایت کی فیصلوں و احکامات تک آسان رسائی کےلئے کیو آر کوڈ والی دستاویزات تیار کی جائیں ، آن لائن شکایت کا نظام بنایا جائے گا جو لاہور ہائی کورٹ کی موبائل ایپلی کیشن کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، نگرانی ڈیش بورڈ کے ذریعے کی جائے گی،عدلیہ سہولت سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، پبلک سروس ڈیلیوری کی بہتری کےلئے پرائس کنٹرل مجسٹریٹس کو بھی مزید فعال بنایا جائے گا۔