ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر آفس ساہیوال میں عملے کو سول ڈیفنس کی تربیت سے دی گئی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے بھی کمشنر آفس کے عملے سمیت ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت حاصل کی۔ محکمہ سول ڈیفنس کے ماہر سٹاف نے تربیت میں حصہ لینے والوں کو ایمرجنسی حالات خصوصاً آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے آگ بجھانے والے آلات کا عملی طور پر استعمال کروایا۔اس موقع پر کمشنر شعیب اقبال سید کا کہنا تھا کہ شہری دفاع کی تربیت حاصل کرناوقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عملے کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تربیت ضرور دلائیں۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ مون سون سیزن سے پہلے شہر کے سیوریج مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں مین ہولز کی صفائی کے کام کو تیز کیا جائے تاکہ بارشوں کی وجہ سے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ سکیم نمبر3 فرید ٹاون اور ڈبلیو بلاک کے سیوریج مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس کے روٹس پر جاری کام میں تیزی لائی جائے تاکہ محرم الحرام سے پہلے انہیں کلیئر کیا جا سکے۔ انہوں نے پی ایچ اے کو راجباہ 9 ایل کے دونوں اطراف گرین بیلٹس اور واکنگ ٹریک بنانے کی بھی ہدایت کی۔
شہری دفاع کی تربیت حاصل کرناوقت کی اہم ضرورت ہے: کمشنر ساہیوال

















