لاہور (کامرس رپورٹر) غیر معیاری سلنڈرز پھٹنے سے حادثات میں ہوشربا اضافہ ہو گیا اورسلنڈر دھماکوں میں لاہور پہلے نمبر پر آگیا ۔ریسکیو کی دستاویزات کے مطابق ڈیڑھ سال کے دوران لاہور میں سلنڈر پھٹنے کے 126واقعات رپورٹ ہوئے ،سلنڈر دھماکوں کی فہرست میں فیصل آباد دوسرے اور راولپنڈی تیسرے نمبر پر ہے رہا۔ریسکیو رپورٹ کے مطابق ڈیڑھ سال کے دوران پنجاب میں 368سلنڈر دھماکے ہوئے، سلنڈر دھماکوں میں 19افراد جاں بحق جبکہ192افراد شدید زخمی ہوئے ۔لاہور میں 126سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں 4افراد جاں بحق اور81افراد شدید زخمی ہوئے ۔سروے کے مطابق حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی دکانوں کیلئے کوئی ضابطہ اخلاق نہیں بنایا جاسکا ۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا کہ سلنڈر پھٹنے سے معصوم جانوں کا ضیا ع قابل مذمت اور افسوس ہے ،حکومت ہمیں ضابطہ اخلاق دے ہم اس پر من و عن عمل کریں گے ،ایس او پیز دئیے بغیر صرف دوکانوں کے خلاف کارروائی مناسب نہیں ،ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے تاکہ گلی محلوں اور رش والی جگہ پر دوکانیں نہ کھولی جائیں ،غیر معیاری سلنڈر ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری طرف قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ لاہور نے غیر قانونی ایل پی جی دوکانوں ، منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کیں ، گزشتہ 24گھنٹوں میں 10دکانیں سیل، 119ایل پی جی سلنڈر ضبط کرلئے گئے جبکہ 9ویٹ مشینیں، 4ری فلنگ، ایک منی پٹرول مشینیں بھی اکھاڑ کر ضبط کر لی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ گلبرگ میں 3دکانیں سیل، 17کمرشل سلنڈرز، 5ویٹ مشینوں کو ضبط کیا گیا، سمن آباد زون میں ایک دکان سیل، 4 کمرشل سلنڈرز اور ایک ویٹ مشین کو ضبط کیا گیا ،راوی زون میں ایک دکان سیل، 31کمرشل سلنڈرز اور ایک منی پٹرول مشین بھی ضبط کی گئی ،علامہ اقبال زون میں 4دکانیں سیل، 11کمرشل سلنڈرز، 1ویٹ مشینیں، 2ریفلنگ مشینیں ضبط کی گئیں ،داتا گنج بخش زون میں ایک دکان سیل، 54 کمرشل سلنڈرز، 2 ویٹ اور ایک ریفلنگ مشین کو ضبط کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا، شہریوں کو بھر پور تحفظ کی فراہمی کی خاطر کسی کو بھی ایل پی جی ریفلنگ کے غیر قانونی کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی، شہری بھی غیر قانونی ایل پی جی اور منی پٹرول پمپس کے خلاف ضلعی انتظامیہ لاہور کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کسی بھی غیر قانونی پوائنٹ سے خریداری نہ کریں، معصوم انسانی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں۔
غیرمعیاری سلنڈرز پھٹنے سے حادثات میں ہوشربا اضافہ، لاہور پہلے نمبر پر ،کریک ڈاﺅن، 10 دکانیں سیل

















