متبادل توانائی ذرائع پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں متبادل توانائی کے ذرائع خصوصاً شمسی توانائی کی ترویج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم ڈویڑن کے امور پر اہم اجلاس ہوا جس کے دوران وزیراعظم کو پٹرولیم اور گیس کے شعبوں کے حوالے سے پیشرفت اور تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کاربن فٹ پرنٹ کافی کم ہونے کے باوجود پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پانچواں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، متبادل توانائی پر مبنی مصنوعات کے فروغ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گیس کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائیگا، تیل اور گیس پائپ لائنز سے چوری کے انسداد کیلئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جائیگی، الیکٹرک بائیکس، گاڑیوں اور بجلی پر چلنے والی گھریلو مصنوعات کے حوالے سے پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پٹرولیم سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے تجاویز پر کام کیا جائیگا، پٹرول اور گیس کی تلاش کے عمل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائیگا، دونوں شعبوں میں مسابقت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسکے علاوہ مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے، بائیو فیولز کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تھر کول کی گیسی فکیشن کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھرکول پراجیکٹ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، تھر کول کی ملک کے دوسرے علاقوں تک رسائی کیلئے ریلوے لائن کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہمیں متبادل توانائی کے ذرائع خصوصاً شمسی توانائی کی ترویج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔