آئین مقدس،آمر آئے تو سب ساتھ ،جمہوریت آنے پرچھریاں نکال لیتے ہیں،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے آئین مقدس،عمل کرنا آپشن نہیں لازم، آئین میں دیا گیا اصول واضح ہے تو کیوں نئی جہتیں نکال لیتے ہیں؟،تاریخ کی بات کرنی ہے تو پوری طرح سے کریں،آمر آئے تو سب ساتھ مل جاتے ، وزیر ،اٹارنی جنرل بن جاتے ہیں ،جمہوریت آنے پرچھریاں نکال کر آجاتے ہیں،مخصوص نشستیں متناسب نمائندگی کے اصول سے ہٹ کر نہیں دی جا سکتیں،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی، نتائج لوگ کیوں بھگتیں؟۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ نے سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستیں کیس پر سماعت کی ،سماعت کے آغاز پر سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے دریافت کیا کہ عدالت نے کچھ سوالات پوچھے، ابھی دلائل دوں یا جواب الجواب میں؟،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا چھوٹے دلائل ہیں تو ابھی دےدیں، وکیل نے بتایا کاغذات نامزدگی میں چیئرمین حامد رضا کی سنی اتحاد کونسل سے وابستگی ظاہر ہوتی ہے، سنی اتحاد کونسل کا نشان نہ ملنے پر چیئرمین نے بطور آزادامیدوار انتخابات لڑے، جمعیت علمائے اسلام (ف) میں بھی اقلیتوں کو ممبر شپ نہیں دی جاتی،چیف جسٹس نے کہا آپ نے ہوا میں بات کی، ایسے بیان نہیں دے سکتے، آپ دستاویزات دیں، فیصل صدیقی نے بتایا میں دستاویزات بھی دوں گا، الیکشن کمیشن بھی کنفرم کردےگا۔

جسٹس منیب اختر نے دریافت کیا کیا کاغذات نامزدگی کےساتھ پارٹی ٹکٹ جمع کرایا گیا تھا؟ وکیل نے جواب دیا پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے سے حامد رضا کو روکا جا رہا تھا الیکشن کمیشن نے زبردستی آزاد امیدوار کا نشان الاٹ کیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے فیصل صدیقی صاحب اگر آپ نے کاغذات فائل کیے ہوتے تو سوالات نہیں پوچھنے پڑتے، کاغذات کے بغیر آپ کو بات نہیں کرنے دیں گے،وکیل فیصل صدیقی نے بتایا کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ الیکشن کمیشن سے مانگا گیا تھا،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین سنی اتحاد کونسل حامد رضا کے کاغذات نامزدگی عدالت میں پیش کر دئیے۔

چیف جسٹس نے ہدایت دی امد رضا کے کاغذات نامزدگی کی کاپیاں کرا کر تمام ججز کو دیں،اس کےساتھ ہی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے بتایا الیکشن پروگرام الیکشن ایکٹ کے تحت جاری کیاگیا، کاغذات نامزدگی تاریخ سے قبل جمع کرانا ضروری ہوتا، تاریخ میں توسیع بھی کی گئی، 24 دسمبر تک مخصوص نشستوں کی لسٹ کی تاریخ جاری کی گئی، الیکشن کمیشن کنفرم کرےگا، سنی اتحاد نے مخصوص نشستوں سے متعلق لسٹ جمع نہیں کرائی۔

جسٹس منیب اختر نے دریافت کیا آپ کہہ رہے حامد رضا نے سنی اتحاد کی جانب سے کاغذات نامزدگی نہیں جمع کرائے؟ اس پر سنی اتحاد کے وکیل فیصل صدیقی نے بتایا حامدرضا کو ٹاور کا نشان دیا گیا، سنی اتحاد کا نشان گھوڑا ہے، جسٹس منیب اختر نے مزید استفسار کیا حامد رضا کو گھوڑے کا نشان کیوں نہیں ملا؟ وکیل نے جواب دیا الیکشن کمیشن نے زبردستی ٹاور کا نشان حامد رضا کو دیا،اس موقع پر چیف جسٹس نے فیصل صدیقی سے مکالمہ کیا آپ دستاویزات کیوں جمع نہیں کرا رہے؟ سوال ہی نہیں پوچھتے آپ سے پھر، ایسے نہیں چلے گا۔

بعد ازاں جسٹس منصور علی شاہ نے دریافت کیا سنی اتحاد کونسل کو پارلیمانی جماعت تسلیم کرنے کا نوٹیفکیشن کب جاری ہوا؟ مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے وکیل نے بتایا اس سوال کا جواب الیکشن کمیشن بہتر دے سکتا ہے، سپریم کورٹ نے حکم امتناع دیا تو اضافی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی رکنیت معطل ہوگئی، انتخابات سے پہلے مخصوص نشستوں کی فہرست جمع کرانے والے ہی بعد میں دعویٰ کر سکتے ہیں،بعد ازاں وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا،انہوں نے بتایا پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے حیران کن بات ہے سلمان اکرم راجہ اور فیصل صدیقی نے پشاور ہائی کورٹ کی بات ہی نہیں کی، دونوں وکلا نے صرف الیکشن کمیشن کے فیصلے کی بات کی،جسٹس اطہر نے کہا عدالت کو بتایا گیا کاغذات نامزدگی میں حامد رضا نے سنی اتحاد کونسل سے وابستگی ظاہر کی، اگر یہ بات درست ہوئی تو یہ سنی اتحاد کونسل کی پارلیمان میں جنرل نشست ہوگی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے وابستگی کےلئے پارٹی ٹکٹ کا ہونا ضروری ہے،مخدوم علی خان نے کہا فی الوقت صاحبزادہ حامد رضا کا خط ریکارڈ پر موجود ہے کہ ان کے نشان پر کوئی الیکشن نہیں لڑا، جسٹس اطہر نے بتایا انتخابی نشان کا پارٹی کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے سے تعلق نہیں، جسٹس عائشہ ملک نے دریافت کیا سوال یہ بھی ہے حامد رضا کو پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے سے کیوں روکا گیا؟ الیکشن کمیشن معاملے کی تصدیق کرے تو کیس نیا رخ اختیار کر سکتا ہے، جسٹس علی مظہر نے کہا سنی اتحاد کونسل کا انتخابی نشان موجود تھا لیکن کسی نے اس پر الیکشن نہیں لڑا۔

مخدوم علی خان نے ریمارکس دئیے اپیلوں میں یہ نکتہ بھی نہیں اٹھایا گیا، چیف جسٹس نے کہا قانون واضح ہے جو نکات اپیلوں میں اٹھائے گئے ہیں انہی تک محدود رہیں گے، ججز کا کام کسی فریق کا کیس بنانا یا بگاڑنا نہیں ہوتا،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کے پاس تو ارکان اسمبلی کو آزاد ڈکلیئر کرنے کا اختیار نہیں۔

جسٹس اطہر نے کہا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ووٹر کے حق کا تحفظ کرے حقائق سب کو کھل کر بتانے چاہئیں، آج آئین کی پاسداری نہیں ہو رہی، ہم نے بطورسپریم کورٹ سرریت میں دبا لیے ہیں، لاپتہ افراد کے کیسز ہیں، بنیادی حقوق کی پامالیاں ہیں، یہ سب سیاسی مقدمات نہیں انسانی حقوق کا معاملہ ہے، ہمیں کسی دن تو کہنا ہو گا بس بہت ہو گیا، میری نظرمیں آج بھی سب سے اہم درخواست اس عدالت میں 8 فروری الیکشن میں دھاندلی کی ہے،جسٹس منیب اختر نے کہا الیکشن کمیشن نے کیسے اخذ کیا کہ امیدوار تحریک انصاف کے نہیں بلکہ آزاد ہیں؟ جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن نے کیسے آزاد امیدوار ظاہر کردیا؟ اہم سوال ہی یہ ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے کسی امیدوار کےساتھ زبردستی نہیں کی جاسکتی کہ نوٹیفیکیشن کے 3روز بعد اگر وہ کوئی اور جماعت میں شامل ہوجائے،جسٹس جمال مدوخیل نے کہا الیکشن کمیشن کہہ سکتے کہ امیدوار آزاد ہیں یا کسی پارٹی سے ہیں، الیکشن کمیشن نے صرف کاغذات میں امیدوار کی سیاسی جماعت سے وابستگی دیکھنی ہے،جسٹس اطہر نے کہا جو کچھ ملک میں ہو رہا تھا وہ تلخ حقیقت اور سب کے سامنے ہے، جسٹس منیب اختر نے کہا اگر کوئی امیدوار پارٹی وابستگی ظاہر کرکے پیچھے نہیں ہٹ سکتا تو الیکشن کمیشن کیسے اسے آزاد قرار دے سکتا ہے؟۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے پی ٹی آئی کیس میں فریق ہے نہ کوئی منتخب نمائندہ، عدالت کے سامنے کیس سنی اتحاد کونسل کا ہے کہ مخصوص نشستیں دی جائیں،جو کیس ہمارے سامنے ہی نہیں اس حوالے سے بحث کیوں کی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے اچھے بھی ہوں گے برے بھی، جو فیصلہ چیلنج ہی نہیں ہوا اسے اچھا یا برا کیسے کہہ سکتے ہیں؟ کوئی پریشر تھا یا نہیں تھا، دنیا کو کیا معلوم، ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، ججز اس پر فیصلہ کرتے ہیں جو ریکارڈ میں موجود ہو نہ کہ دنیا کے علم میں ہو۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا اعلیٰ ترین عدالت ہوتے ہوئے سپریم کورٹ کا کام ہے عوام حق رائے دہی کا دفاع کرے، بنیادی سوال یہی ہے الیکشن کمیشن کسی کو ازخود کیسے آزاد قرار دے سکتا ہے؟، جسٹس اطہر نے کہا آئین کا دفاع کرنا ہے تو آئین کے مطابق ہی شفاف انتخابات ضروری ہیں، بنیادی حقوق میں ووٹ کا حق اہم ترین ہے،جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے ایک پارٹی سے وابستگی کا ڈیکلیریشن جمع کرانے والے بعد میں دوسری جماعت میں چلے گئے، اب ان امیدواروں کے بعد والے فیصلے کو دیکھا جانا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کسی امیدوار کو اختیار ہی نہیں وہ ایک پارٹی کا ڈیکلیریشن دے کر دوسری میں چلا جائے، میری نظر میں اس بات پر امیدوار نااہل بھی ہو سکتا ہے،جسٹس اطہر نے کہا آئینی ادارے الیکشن کمیشن نے ان لوگوں کو 2 فروری کے روز آزاد ڈیکلیئر کر دیا تھا، اس کے بعد ان امیدواروں کے پاس اور کوئی چوائس نہیں تھی، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مندوخیل نے سوالات اٹھائے، مسئلہ مگر الیکشن کمیشن کے دو فروری کے آرڈر سے پیدا ہوا ہے، الیکشن کمیشن نے عدالت کے انتخابی نشان والے فیصلے کی غلط تشریح کی تھی، بات پر نتائج لوگ کیوں بھگتیں؟،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا میری نظر میں ٹکٹ لے کر پارٹی تبدیل کرنے والے پر آرٹیکل 63 اے لاگو ہوگا، فارم 33 سے واضح ہوگا کہ کون کس جماعت سے ہے، جسٹس اطہر نے کہا یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام امیدواروں کو آزاد قرار دیا گیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن نے کس بنیاد پر سیاسی جماعت کے امیدواروں کو آزاد قرار دیا؟ لاکھوں افراد نے ووٹ دیا ان کے حق کا تحفظ کرنا ضروری ہے، امیدواروں نے خود کو تحریک انصاف سے الگ نہیں کیا،جسٹس اطہر نے کہا انتخابات صاف شفاف ہونے چاہئیںمگر سوالات بہت سنجیدہ اٹھے ہیں، موجودہ انتخابات کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھے ہیں، سپریم کورٹ کی ڈیوٹی ہے کہ دیکھے کوئی سیاسی انجینئرنگ نہیں ہوئی، اگر انتخابات شفاف نہیں ہوئے تو آئین کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور ہم اپنے حلف کی خلاف ورزی کررہے ہیں،جسٹس عرفان سعادت نے دریافت کیا تحریک انصاف اور تحریک انصاف نظریاتی میں کیا فرق ہے؟کبھی تحریک انصاف ہوجاتی ہے کبھی تحریک انصاف نظریاتی ان میں فرق بتائیں؟،چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا تحریک انصاف نظرثانی سیاسی جماعت ہے؟ وکیل مخدوم علی خان نے کہا تحریک انصاف نظرثانی سیاسی جماعت ہے جس کا انتخابی نشان بلے باز ہے۔

چیف جسٹس نے کہا پہلے دن سے کہہ رہا تحریک انصاف نے ایسا کیوں کیا؟ اپنی پارٹی میں رہنا چاہیے تھا، سنی اتحاد میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، ہم نے تو نہیں کہا سنی اتحاد میں شامل ہوں،جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا انتخابات کو سپریم کورٹ میں دیکھا جارہا، الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو آزاد کیسے ظاہرکیا؟ کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ الیکشن کے حوالے سے بات کررہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا میں اپنے موقف پر قائم ہوں پارٹی وابستگی ظاہر کرکے جماعت تبدیل کرنے والا نااہل تصور ہوگا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا سارا معاملہ شروع ہی سیاسی جماعت کے امیدواروں کو آزاد قرار دینے سے ہوا، کیسے ممکن ہے اس بنیادی سوال کو چھوڑ دیں؟ جسٹس عائشہ ملک نے دریافت کیا سنی اتحاد کونسل اپنا کیس جیتے یا ہارے، دوسری جماعتوں کو اس سے کیا فائدہ ہوگا؟ مخصوص نشستیں متناسب نمائندگی کے اصول پر ہی مل سکتی ہیں، متناسب نمائندگی کے اصول سے ہٹ کر نشستیں نہیں دی جا سکتیں، اضافی نشستیں لینے والے بتائیں کہ ان کا مو¿قف کیا ہے؟ دیگر جماعتوں کو چھوڑیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کیا ہمیں آئین دوبارہ لکھنا شروع کر دینا چاہیے؟ جسٹس عائشہ نے کہا آئین میں پہلے سے درج متناسب نمائندگی کا فارمولہ سمجھائیں! فارمولا کیا ہے؟،اس پر وکیل مخدوم علی خان نے کہا سنی اتحاد نے انتخابات میں حصہ لیا نا مخصوص نشستوں کی لسٹ فراہم کی۔

جسٹس عائشہ نے دریافت کیا کہ ایسے کیا متناسب سیٹیں دیگر سیاسی جماعتوں کو مل جائیں گی؟ فرض کریں سنی اتحاد کو نہیں ملتیں مخصوص نشستیں لیکن آپ کو کیسے ملنی چاہیے ؟،مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے وکیل نے جواب دیا میں فرضی سوالات کے جوابات نہیں دوں گا، جسٹس منیب اختر نے کہا اگر کوئی ممبر استعفیٰ دے دے یا انتقال کرجائے تو ایسا تو نہیں پارلیمنٹ کام کرنا چھوڑ دے گی،چیف جسٹس نے کہا اگر کوئی جج ریٹائر ہوجائے تو سپریم کورٹ کام کرنا تھوڑی چھوڑ دے گی؟ اگر کوئی ممبر نہیں یا نشست خالی ہے تو ضمنی انتخابات ہو جائیں گے،جسٹس اطہر نے کہاماضی میں بھی انتخابات میں پارلیمنٹ کو مکمل کرنے کےلئے مخصوص نشستیں دی گئیں،وکیل مخدوم علی خان نے بتایا ایسا کیس کبھی نہیں آیا کہ کسی پارٹی نے انتخابات لڑے نہیں اور مخصوص نشستیں مانگ رہی ہو،اس پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے دریافت کیا کیا مخصوص نشستیں خالی رہ سکتی ہیں؟ وکیل نے بتایا نہیں، مخصوص نشستیں خالی نہیں رہ سکتیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جب آمر آئے سب ساتھ مل جاتے ہیں، وزیر اور اٹارنی جنرل بن جاتے ہیں اور جب جمہوریت آئے تو چھریاں نکال کر آجاتے ہیں، اپنے آئین پر عملدرآمد کے بجائے دوسرے ممالک کی مثالیں دی جاتی ہیں، آئین کا تقدس ہے اور اس پر عمل کرنا سب پر لازم ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے تاریخ بہترین استاد ہے ورنہ بار بار غلطیاں کی جاتی ہیں، وکیل مخدوم علی خان نے کہا میں کبھی نہیں کہوں گا کہ میں نے غلطیاں نہیں کیں، سنی اتحاد نے جس طرح کیس کو عدالت میں پیش کیا ویسے ہی اسے دیکھنا چاہیے، سنی اتحاد نے مخصوص نشستوں سے متعلق لسٹ جمع نہیں کرائی، سیاسی جماعتوں کو انتخابات سے قبل مخصوص نشستوں کی لسٹ مہیا کرنا ہوتی ہیں، جو سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہیں ان پر مخصوص نشستوں کی لسٹ مہیا کرنا لازم نہیں،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے انتخابات کو سیکرٹ بیلٹ کے تحت ہونا چاہیے سیکرٹ بیلٹ کہاں ہے؟۔

وکیل مخدوم علی خان نے کہا آئین میں الیکشن میں منتخب ہونے کا لفظ لکھا ہے، جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے صدر اور سینٹ انتخابات کےلئے الگ الیکٹوریٹ دیا ہوتا ہے، کیس میں لگ رہا جیسے انتخابات ہوہی نہیں رہے لیکن آپ کہہ رہے کہ الیکشن ہورہا ہے، آپ مجھے دکھا دیں کہ کوئی الیکشن ہورہا ہے،اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ایسی باتوں میں پھنس گئے تو دیگر کو سن نہیں پائیں گے، کیس مکمل کرنا ہے، ایک سیاسی جماعت کے منشور میں اقلیتی خانہ شامل نہیں تو اقلیتوں کی لسٹ نہیں دی جائےگی، اگر خواتین یا اقلیتوں کی لسٹ نہیں دی گئی تو اثرات تو ہوں گے، اگر پرائز بانڈ خریدا ہی نہیں تو پرائز بانڈ نکل کیسے آئے گا؟ خریدنا تو ضروری ہے

جسٹس اطہر نے کہاعوام کے حقوق کو کبھی اہمیت نہیں دی گئی، درخواست گزاروں نے بتایا اہم درخواستیں زیرالتوا ہیں، جسٹس عائشہ ملک نے کہا حالیہ انتخابات میں آزاد امیدواروں نے دیگر سیاسی جماعتوں کی نسبت سیٹیں زیادہ جیتیں، مسئلہ یہ ہے کہ کس حساب سے سیٹیں بانٹی جائیں گی؟ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 17 اور بعد میں مزید 10 مخصوص نشستیں دی گئیں، آپ کہہ رہے اگر سنی اتحاد کونسل سیاسی جماعت رہتی تو 17 سیٹیں ہوتیں، اب جب نہیں تو 27 سیٹیں مسلم لیگ (ن) کی ہوگئیں،اس پر جسٹس منیب اختر نے کہا پارلیمنٹ میں دو طریقہ کار سے سیٹیں تقسیم گئی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کیا صرف یہی ضروری ہے کہ سیٹیں زیادہ ہوں یا انتخابات میں خواتین، اقلیتوں کی نمائندگی پر بات کرنا ضروری ہے؟ اقلیتی، خواتین کسی سیاسی جماعت میں ہیں یا نہیں لیکن ان کی نمائندگی کو محفوظ کرنا ہے، تاریخ پر بات کرنی چاہیے اور تاریخ سے سیکھنا چاہیے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے مخصوص نشستیں بانٹنے کا طریقہ ہر انتخابات میں تبدیل ہوتا رہتاہے،اس پر چیف جسٹس نے کہا سسٹم کی خوبصورتی ہے اقلیتیں بھی آپ کی سیاسی جماعت میں آکر بیٹھیں، اگر سیاسی حریف نہیں پسند تو سسٹم کی خوبصورتی ہے دونوں حریف ساتھ بیٹھیں گے،جسٹس اطہر نے کہا اقلیت، خواتین کو ضرور پارلیمنٹ میں نمائندگی ملنی چاہیے، ماضی کے انتخابات میں ن لیگ ، پیپلزپارٹی کہیں نہ کہیں متاثرہ رہی لیکن سپریم کورٹ میں مدد کےلئے سامنے نہیں آئی، جیسا 2018 میں ہوا اب بھی ویسا ہی ہورہاہے، متاثرہ ایک ہی سیاسی جماعت رہی، ہم نے اپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا، ابھی تو ہم موجودہ درخواستوں پر کرلیں گے بات لیکن مستقبل میں ایسا وقت ضرور آئےگا جب سپریم کورٹ دوبارہ افسوس کرے گی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اگر ایک سیاسی جماعت ہے جو بہت مشہور ہے لیکن انتخابات سے بائیکاٹ کرلیتی ہے تو کیا عوام کی سپورٹ کے باوجود بائیکاٹ کرنے والی پارٹی کو مخصوص نشستیں ملیں گی؟،اسی کےساتھ مخصوص نشستیں حاصل کرنےوالی جماعتوں کے وکیل مخدوم علی خان کے دلائل مکمل ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر روسٹرم پر آگئے، انہوں نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا انتخابات کا شیڈول ایک اہم دستاویز ہوتا ہے جس میں مخصوص اور جنرل سیٹیں شامل ہوتی ہیں، جنرل اور مخصوص نشستوں کےلئے کاغذات نامزدگی کےلئے ایک تاریخ دی جاتی، مخصوص نشستوں کابھی نوٹیفکیشن ہوتا ہے، فارم 33 جنرل اور مخصوص نشستوں کےلئے ہوتا ہے، ریٹرننگ افسران مخصوص، جنرل نشستوں کے فارم 33 کی سکروٹنی کرتے ہیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے دریافت کیا کیا الیکشن کمیشن فیصلہ کرےگا کہ امیدوار کی کس سیاسی جماعت سے وابستگی ہے؟ وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا فارم 66 مخصوص نشستوں کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی جانب سے دی گئی لسٹ ہوتی، جنرل اور مخصوص نشستوں کی لسٹ کا طریقہ کار بلکل ایک طرح کا ہے، کاغذات نامزدگی پہلی سٹیج ہوتی ہے، خواتین، اقلیتوں کی سیٹوں کی اہمیت اتنی ہی ہے جتنی جنرل نشستوں کی ہے، خواتین کی مخصوص نشست والے وزیر اعظم کے لیے بھی امیدوار ہوسکتے ہیں،اسی کےساتھ عدالت نے مقدمے کی سماعت میں 3 بجے تک وقفہ کردیا،وقفے کے بعد دلائل کا دوبارہ آغاز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا آزاد امیدواروں پر مبنی سیاسی جماعت الیکشن ایکٹ کے تحت سیاسی جماعت نہیں، اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل سے استفسار کیا آپ کا مطلب ہے سیاسی جماعت کےلئے ایک آدھ سیٹ جیتنا لازم ہے؟۔

جسٹس اطہر نے دریافت کیا یعنی آپ کے مطابق ان لسٹڈ پارٹی ڈی لسٹ ہوجائے گی؟ الیکشن ایکٹ میں سیاسی جماعت کو ڈی لسٹ کرنے کا بھی طریقہ ہے،جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا اگر سیاسی جماعت انتخابات میں حصہ لے لیکن ایک بھی سیٹ نہ جیتے تو کیا سیاسی جماعت مانی جائےگی؟ وکیل نے بتایا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو کم سے کم ایک سیٹ جیتنا لازمی ہے، سیاسی جماعت نے ایک بھی سیٹ نہ جیتی ہو اور 200 سو آزادامیدوار ساتھ ہوں تو صفر مخصوص نشستیں ملیں گی،اس پر جسٹس جمال مندوکیل نے کہا یعنی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کےلئے کچھ نہ کچھ ہونا چاہیے، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا سابق پی ٹی آئی بیک امیدوار کا کوئی تصور نہیں، جسٹس حمد علی مظہر نے ریمارکس دئیے جب امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے اس وقت کیا لکھا گیا؟ وکیل نے بتایا میں اپنی معروضات ختم کرکے بینچ کے سوالات کے جواب دوں گا،اس پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کیا پی ٹی آئی کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کےساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرایا؟ سکندر بشیر نے جواب دیا پی ٹی آئی امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پارٹی سرٹیفکیٹ نہیں دیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کسی بھی آزاد امیدوار کو پارٹی تو سپورٹ کرسکتی ہے لیکن ہوگا آزاد امیدوار ہی،جسٹس علی مظہر نے وکیل سے دریافت کیا تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں ٹکٹ پی ٹی آئی نظریاتی کے تھے یا تحریک انصاف کے؟ ،جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید استفسار کیا کیا امیدواروں نے تحریک انصاف کا سرٹیفکیٹ جمع کرایا؟ وکیل نے بتایا نہیں پی ٹی آئی کا نہیں دیکھا، تحریک انصاف نظریاتی کے سرٹیفکیٹ تھے،جسٹس منیب اختر نے دریافت کیا اگر پی ٹی آئی امیدوار نظریاتی کا سرٹیفکیٹ واپس لے کر پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ جمع کراتے تو کیا ہوتا؟ وکیل سکندر بشیر نے کہا قانون کے مطابق انتخابی نشان کا ہونا بھی تقاضا ہے،جسٹس اطہر نے کہا کیا الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی؟ پریس کانفرنس ہوتی رہی، وکیل نے بتایا میں اس کا جواب اس لیے نہیں دے سکتا کیونکہ یہ تھیوریٹیکل سوال ہے، میں نے کوئی پریس کانفرنس خود نہیں سنی، میں صرف اس کیس تک خود کو محدود رکھوں گا، ججز میرے منہ سے کیوں الفاظ نکلوانا چاہتے ہیں؟۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ میں بھی ہم پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت جمہوریت لے آئے ہیں، جسٹس اطہرنے کہا سپریم کورٹ کے بلے کے نشان سے متعلق فیصلے پر کنفیوز کیا جارہا ہے،چیف جسٹس نے کہا بلے کے نشان پر نہیں، سپریم کورٹ نے انٹرا پارٹی الیکشن پر فیصلہ دیا تھا، انٹرا پارٹی الیکشن اور بلے کے نشان کا فیصلہ کہنے میں فرق ہے، ایک طرف نظرثانی کررہے اور دوسری طرف تبصرہ کررہے ہیں، کسی اور بینچ کا فیصلے پر ریمارکس دینا درست نہیں، آگے چلیں،جسٹس اطہر نے کہا کوئی بھی فیصلے کی قانونی حیثیت پر سوال نہیں اٹھا رہا، اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا سماعت ہم پرسوں ساڑھے گیارہ تک ملتوی کرتے ہیں اور کیس کی مزید سماعت 27 جون بروز جمعرات ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی گئی۔