پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ لڑ نے والا واحد ملک نہیں،فون ٹیپنگ غیر قانونی ہے، ہائیکورٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں فون ٹیپنگ کا کوئی قانون موجود نہیں جو ہو رہا غیر قانونی ہے،جسٹس بابر ستار نے بشریٰ اور نجم الثاقب کی آڈیو لیکس کےخلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہاوزارت داخلہ نے ایک ایس او پی جاری کیا، آئی ایس آئی اور آئی بی براہ راست سروس پرووائیڈرز سے ڈیٹا لے سکتی ہیں، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرورت پڑنے پر ایجنسیز سے ڈیٹا لے سکتے ہیں۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے ایس او پی تو سیکشن افسر نے جاری کیا ، متعلقہ اتھارٹی کا ذکر نہیں، وزارت داخلہ کے پاس اختیار کیسے ہے؟ کس قانون کے تحت ایس او پی جاری کیا گیا؟ وارنٹ کے بغیر لائیو لوکیشن کیسے شیئر کی جا سکتی ہے؟عدالت نے ریمارکس دئیے حکومت نے کس قانون کے تحت فیصلہ کیا ڈیٹا حاصل کر سکتے ہیں؟ وزارت داخلہ کے سیکشن افسر نے ایس او پی جاری کر دیا، سیکشن افسر کے ایس او پی کے تحت آپ ڈیٹا حاصل کرتے ہیں، آپ نے فون ٹیپنگ سے متعلق نہیں بتایا جو چیزیں بتائی ہیں یہ ان میں نہیں آتا۔

جج نے کہا ابھی اس دستاویز کی قانونی حیثیت بھی دیکھنی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مزید بتایا لاپتہ فرد کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے ڈیٹا خفیہ اداروں کو دینے کی ہدایت کی تھی جس پر عدالت نے استفسار کیا کیا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ ایک کیس کی حد تک تھا یا مستقل؟ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی آپ نے 2013 میں کیا پالیسی بنائی وہ پڑھیں، کیا اس پالیسی کے میکنزم کے مطابق آپ ڈیٹا لیتے رہے ہیں؟۔

سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیلی کام آپریٹرز پر ڈیٹا دینے پر پابندی ختم کرنے کی استدعا کردی گئی،جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا ٹیلی کام اور ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت رولز بنے ہیں یا نہیں؟ جج سے وارنٹ لینا نیشنل سکیورٹی کےلئے خطرہ کیسے ہو گیا؟ پاکستان واحد ملک نہیں جو دہشت گردی کےخلاف جنگ لڑ رہا ہے، نائن الیون کے بعد دنیا کے کئی ممالک میں صورتحال بنی، امریکہ سمیت بہت سے ممالک نے قوانین بنائے، سٹریٹجی بنائی یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں، آپ دہشت گردی کی وجہ سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ کچھ پوچھا ہی نہ جائے۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے آپ سے یہ نہیں پوچھ رہا کہ کون دہشت گرد ہیں، ان کے نام کیا ہیں، کیا کیسز میں دشمن ایجنسی کا کردار موجود ہے؟ خدا کا خوف کریں یہ سوال ایک سال سے پوچھ رہا ہوں، جائیں سپریم کورٹ سے میرے فیصلے کالعدم کرائیں ورنہ جواب دینا ہو گا، یہاں رپورٹس میں کئی موقف بدلے گئے، عدالت جعلسازی کی کارروائی کر سکتی تھی، کیا یہ وفاقی حکومت کا کنڈکٹ ہے؟ یا تو یہ کہہ دیں کہ آپ قانون سے بالاتر ہیں،دوران سماعت اسلام آباد پولیس کے وکیل طاہر کاظم عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی ہمیں تفتیش کی حد تک سی ڈی آر فراہمی کی اجازت دی جائے جس پر جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے اس حوالے سے میں مناسب آرڈر کردوں گا،بعد ازاں عدالت نے آڈیو لیکس کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کےلئے ملتوی کردی اور کہا آئندہ سماعت کی تاریخ تحریری حکم نامے میں جاری ہو گی۔