اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کا لعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے دہشت گردوں کی سرغنہ جماعتیں ہیں، پانچ، چھ ہزار ٹی ٹی پی کے دہشت گرد پی ٹی آئی کی حکومت میں لائے گئے، کالعدم ٹی ٹی پی کو پی ٹی آئی کی حکومت میں پناہ گاہیں اور عام معافی دی گئی، فوج دہشت گردوں کی صفائی کا آپریشن کر دیتی ہے لیکن اس علاقے کی سویلین حکومت اپنی ذمے داری پوری نہیں کرتی، جنرل باجوہ اور جنرل فیض نے کالعدم ٹی ٹی پی کےساتھ معاملات طے کیے اور ہمیں سرسری سا بریف کیا، ہم سے ایسے منظر کشی کی جیسے سب ٹھیک ہے اور سوات میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں،وزیر دفاع نے کہااس بریفنگ میں سیاستدانوں نے سوال اٹھائے، سب سے زیادہ علی وزیر اور محسن داوڑ نے فیصلے کو چیلنج کیا لیکن انہیں بولنے نہیں دیا گیا، افغانستان کے وزیروں و رہنماﺅں سے ملاقات ہوئی، جن کی طرف سے کوئی سخت رویہ یا پاکستان کےلئے مخالفانہ جذبات محسوس نہیں کیے، جنرل ضیاءاور جنرل مشرف نے جو جنگ لڑی وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کےلئے لڑی، جنرل ضیاءنے مذہب، سوشل سٹرکچر اور معاشرہ برباد کر دیا، پیسے لے کر افغانستان جنگ کا حصہ بنے رہے، ہمیں خود بھی اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ کیوں ہم 2 جنگوں کا حصہ بنے، کیا ہمارے فوجی جوان اس طرح ہماری غلط پالیسیوں کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے؟،خواجہ آصف نے کہا لوگ اپنے ذاتی عناد و رنجش میں بھی توہین مذہب کا استعمال کرتے ہیں، ہمیں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے کھڑے ہونا ہے، یورپی اور مغربی ممالک میں سوشل میڈیا ریگیولیٹ کرنے کےلئے قوانین پاس کیے جا رہے ہیں، چین کےساتھ ہمارے معاشی معاملات اور ترقی جڑی ہے، اسے سبوتاژ کرنے کےلئے دہشت گرد سرگرم ہیں۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد پی ٹی آئی کی حکومت میں لائے گئے: خواجہ آصف



















