بجلی نہیں دی جا رہی،لوڈشیڈنگ کی ایک حد ہے، اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کسی قسم کے آپریشن کا ذکر نہیں ہوا: وزیراعلیٰ کے پی
راولپنڈی(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے اپیکس کمیٹی میں پالیسی بتائی گئی مگر کسی قسم کے آپریشن کا ذکر نہیں ہوا،عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا اپیکس کمیٹی میں پالیسی بتائی گئی لیکن کمیٹی میں کسی بھی قسم کے آپریشن کا ذکر نہیں تھا، امن و امان کے حوالے سے بات ہوئی اور انعامات دینے کی بات کی گئی جسے عزم استحکام پاکستان کا نام دیا گیا،ہماری حکومت میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، ہم نے سی ٹی ڈی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کیا، افغان صدر اشرف غنی کی حکومت ہمارے مخالف تھی، عمران خان افغانستان گئے اور بات چیت کی، ہماری حکومت میں جنرل فیض 3سال تک افغانستان سے انگیج رہے لیکن جنرل باجوہ نے جنرل فیض کو ہٹا دیا،جنرل باجوہ کہتے تھے، جنرل فیض بہترین آرمی چیف بن سکتا ہے، باجوہ کا امریکہ یا نواز شریف کے ساتھ پلان تھا جنرل فیض کو ہٹا دیا جائے اور اسے ہٹا دیا گیا اور پھرپی ٹی آئی کو ختم کرنے پر لگ گئے،آپریشن عزم استحکام پر وزیراعلیٰ کے پی نے کہا آئی ایس پی آر کی پالیسی کے بعد بات کروں گا آپریشن ہوگا یا نہیں، جب تک آئی ایس پی آر کلیئر نہیں کرے گا کہ کس سائز میں آپریشن ہونا ہے کچھ نہیں کہہ سکتے، اس حوالے سے عوام اور صوبوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے کیوں کہ ہم نے جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے، بلاول نے پوری دنیا کا چکر لگایا مگر افغانستان نہیں گیا ان کو پاکستان اور فوج کی پروا نہیں ہے پہلے بات چیت نہیں کی اور اب بات چیت نہ کرنے سے مسئلہ بڑھتا جارہا ہے،بات چیت ہونی چاہیے، افغانستان سے بات چیت کرنی ہے تو ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، گنڈا پور نے کہا باجوہ نے ایک پارٹی کو ختم کرنے کےلئے ملک کا نقصان کیا، آئینی طور پر گورنر کا صوبے میں کوئی کام نہیں ہے، کنڈی گھومتے پھر رہے ہیں،ہمارا صوبہ بجلی بنانے والا ہے، آئین میں ہمارے حقوق ہیں، بجلی نہیں دی جا رہی، لوڈشیڈنگ کی ایک حد ہے، کہتے 12 گھنٹے تھے لیکن لوڈشیڈنگ 16 گھنٹے کی ہو رہی تھی، میں یہ چیزیں نہیں چاہتا لیکن عوام کی تکلیف دیکھنی پڑے گی۔



















