ملزم نے توہین مذہب سے انکار کیا،رپورٹ،جے آئی ٹی تشکیل

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ملزم نے توہین مذہب سے انکار کیا،وفاقی ادارے کی سوات کے علاقے مدین میں ایک شخص کو جلانے کے واقعہ کی رپورٹ سامنے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق ملزم کو تھانے لے جانا اہم غلطی تھی، متعلقہ ایس ایچ او نے کسی افسرسے رہنمائی حاصل کی نہ ملزم کو محفوظ مقام پرمنتقل کیا، پولیس نے ملزم کو 40 منٹ تک حراست میں رکھا، دوران حراست ملزم نے توہین مذہب سے انکار کیا۔

ادارے کی رپورٹ میں کہا گیاپولیس نے دلیری سے ہجوم کو روکنے ،نقصان پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم ہجوم کے وقت اعلیٰ پولیس افسروں ، سیاسی رہنماوں کی غیرموجودگی نقصان کا باعث بنی،پولیس ،ہجوم کے درمیان تصادم میں نقصان پہنچا، ہوائی فائرنگ ،جھڑپ میں 11 افراد ، 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس سٹیشن مدین میں پولیس موبائل وین ،2 موٹر سائیکلیں اور 5 نجی گاڑیاں جلائی گئیں،واقعہ میں ڈی ایس پی آفس ، ایس ایچ او کوارٹر کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب مدین میں توہین مذہب کے الزام میں ایک شخص کے قتل و پولیس سٹیشن جلانے کے واقعات کی ایف آئی آر درج کر لی گئی، پولیس نے توہین مذہب کا الگ مقدمہ بھی درج کیا ،دونوں مقدمات کی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔

دریں اثناواقعہ کی تحقیقات کےلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دےدی گئی ،10 رکنی جے آئی ٹی میں سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور سینئر پولیس افسر شامل ہیں،مانیٹرنگ ڈی آئی جی مالاکنڈ کریں گے،مقدمے میں2ہزار افراد کو نامزد کردیا گیا،کارروائی کیلئے متعلقہ افراد کے سیلولر ڈیٹا، شناخت میں نادرا سے مدد لی جائے گی۔