بلوچستان کا سر پلس بجٹ پیش،3 ہزار نئی سرکاری آسامیوں کا اعلان

کوئٹہ :(بیورورپورٹ) بلوچستان اسمبلی میں 930 ارب سے زائد کا سر پلس بجٹ پیش کر دیا گیا، 3 ہزار نئی سرکاری آسامیوں کا اعلان، ڈویلپمنٹ سیکٹر کیلئے321 ارب مختص کردئیے گئے۔

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا بلوچستان کا زیادہ تر انحصار وفاقی محصولات پر ہے، تعلیم کے شعبے کی ترقی کےلئے صوبائی حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے، 149 ارب مختص کردئیے، غیرترقیاتی اخراجات کا حجم 609 ارب ہے،لوکل گورنمنٹ گرانٹ 35ارب کر دی ، 29 ہزار زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کےلئے 10ارب فراہم کریں گے،کوئٹہ کے 3بڑے سرکاری ہسپتالوں کو نیم خود مختار بنایا جا رہا ہے،22 پسماندہ اضلاع میں 5 برسوں کے دوران 3 ارب 45 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بجٹ میں تعلیم وصحت کوترجیح دی گئی،بلوچستان کا پہلاسر بجٹ پیش کیا گیا ،وفاق سے اپنے حق کا ایک روپیہ بھی نہیں چھوڑیں گے، 220 ارب میں بلوچستان کو ترقی دینا ممکن نہیں،گیس سرچارجز کے 50 ارب واجب الادا ہیں، گیس سرچارجز کسی کو نہیں بخشا جائے گا، لیز ریونیو ہونے پر گیس سرچارجز کے واجبات بھی ملیں گے۔