بلوچستان میں خوشحالی و امن سیاسی مذاکرات سے آئے گا:صدر مملکت

گوادر:(مشرق نیوز)صدر مملکت آصف زرداری نے کہاہے بلوچستان میں خوشحالی و امن سیاسی مذاکرات سے آئے گا،امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اداروں کی استعدادار بڑھانا ہوگی،قابل و بہادر پولیس اہلکار تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق گوادر میں صدر مملکت آصف زرداری کی زیر صدارت بلوچستان میں سکیورٹی و امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی،صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

آصف زرداری نے صوبائی حکومت کی کوششوں و دہشتگردی سے نمٹنے کےلئے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانا ہوگی اور قابل پولیس افسر تعینات کرنا ہوں گے،دہشتگردی کا موثر مقابلہ کرنے کےلئے استغاثہ کا طریقہ کار بہتر بنانا ہوگا، دہشتگرد عناصر کو سزا دلانے کےلئے استغاثہ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہابلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے لواحقین کے معاوضے میں اضافہ کرکے باقی صوبوں کے برابر لایا جائے،قابل افسر صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے، زائرین کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے بھی موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

آصف زرداری نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہابلوچستان کے لوگوں کو ہنر سکھایا جائے، زیادہ تربیت یافتہ انسانی وسائل کی تیاری کےلئے تربیتی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے،افرادی قوت کو غیر ملکی زبانیں سکھانے سے بیرون ممالک ملازمتیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی، ماہی گیری کے پائیدار طریقوں کو فروغ دینا ہوگا،ماہی گیری کی صنعت کے فروغ کےلئے ماہی گیروں کو سرمایہ اور آلات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، غیر قانونی ماہی گیری کے جالوں کی تیاری روکنا ہوگی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا صدر کے دورے سے بلوچستان کے عوام کو اپنائیت کا احساس ملے گا،پولیس ،لیویز کی استعداد کار میں اضافہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، سرحدی علاقے کے لوگوں کو روزگار تلاش کرنے میں مدد کےلئے قابل قدر مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا،تمام سٹیک ہولڈرز کو بلوچستان کی ترقی کےلئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خاتمے کےلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔