ٹریبونلز بنانا الیکشن کمیشن کا اختیار،لاہور ہائیکورٹ نے پہلے بھی پورا انتخابی عمل روکا تھا،چیف جسٹس

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)ٹریبونلز کی تشکیل کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی الیکشن کمیشن استدعا مسترد ،لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ 3رکنی کمیٹی کوارسال، اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ٹریبونلز بنانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، پہلے بھی لاہور ہائیکورٹ نے پورا انتخابی عمل روکا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کےخلاف الیکشن کمیشن اپیل پر سماعت کی، الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر اور پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے،الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کیس میں آئین کے آرٹیکل 219(سی) کی تشریح کا معاملہ ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا ہمیں کیس کے تھوڑے حقائق بتا دیجیے ،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا 14 فروری کو الیکشن کمیشن نے ٹریبونلز کی تشکیل کیلئے تمام ہائیکورٹس کو خطوط لکھے، ٹریبونلز کی تشکیل الیکشن کمیشن کا اختیار ہے،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا تمام ہائی کورٹس سے خطوط کے ذریعے ججز کے ناموں کی فہرستیں مانگی گئیں، خطوط میں ججز کے ناموں کے پینلز مانگے گئے، لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 20 فروری کو 2 ججز کے نام دیئے گئے، دونوں ججز کو الیکشن ٹریبونلز کیلئے نوٹیفائی کردیا گیا، 26 اپریل کو مزید دو ججز کی بطور الیکشن ٹریبونلز تشکیل دیئے گئے،دوران سماعت ہائیکورٹ کیلئے قابل احترام کا لفظ کہنے پر چیف جسٹس نے وکیل کو روک دیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے ہائی کورٹ کو قابل احترام کہہ رہے ہیں یہ ججز کیلئے کہا جاتا ہے، انہوں نے دریافت کیا انگریزی زبان انگلستان کی ہے، کیا وہاں پارلیمان کو قابل احترام کہا جاتا ہے؟، یہاں پارلیمنٹیرین ایک دوسرے کو احترام نہیں دیتے، ایک دوسرے سے گالم گلوچ ہوتی ہے، جنہیں چاہتے ہیں احترام ہو، الیکشن کمیشن کو قابل احترام کیوں نہیں کہتے؟ کیا الیکشن کمیشن قابل احترام نہیں؟،بعد ازاں وکیل الیکشن کمیشن نے کہا 4 ٹریبونلز کی تشکیل تک کوئی تنازع نہیں ہوا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دریافت کیا کیا چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس ایک دوسرے سے ملاقات نہیں کر سکتے؟ کیا پاکستان میں ہر چیز کو متنازع بنانا لازم ہے؟ انتخابات کی تاریخ پر بھی صدر مملکت اور الیکشن کمیشن میں تنازع تھا، رجسٹرار ہائیکورٹ کی جانب سے خط کیوں لکھے جا رہے ہیں؟ چیف جسٹس اور الیکشن کمشنر بیٹھ جاتے تو تنازع کا کوئی حل نکل آتا، بیٹھ کر بات کرتے تو کسی نتیجے پر پہنچ جاتے، کیا چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن کا ملنا منع ہے؟۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا الیکشن کمیشن نے تمام ہائیکورٹس کو خطوط لکھے، لاہور ہائی کورٹ کے علاوہ کہیں تنازع نہیں ہوا، بلوچستان ہائی کورٹ میں تو ٹریبونلز کی کارروائی مکمل ہونے کو ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کیا یہ کوئی انا کا مسئلہ ہے؟،بعدازاں سماعت میں ساڑھے 11 بجے تک کا وقفہ کر دیا گیا، وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تو الیکشن کے انعقاد اور الیکشن ٹریبونل کے قیام کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ الیکشن کمیشن پر برہم ہوگئے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے سمجھ نہیں آیا الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے بات کیوں نہیں کی؟ آئین میں کہیں بھی نہیں لکھا کسی جج سے ملاقات نہیں کر سکتے، ملاقات کرنے میں انا کی کیا بات ہے؟ دونوں ہی آئینی ادارے ہیں، الیکشن کمیشن متنازع ہی کیوں ہوتا ہے؟ آپ لوگ الیکشن کرانے میں ناکام رہے،اسی کےساتھ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی کی جانب سے جاری کئے گئے صدارتی آرڈیننس پر چیف جسٹس نے سوالات اٹھا دیئے

جسٹس قاضی فائز نے کہا اگر آرڈیننس سے کام چلانا ہے تو پارلیمان کو بند کر دیں، آرڈیننس لانا پارلیمان کی توہین ہے، آئین بالکل واضح ہے الیکشن ٹریبونلز کا اختیار الیکشن کمیشن کو حاصل ہے، آرٹیکل 219 سیکشن سی نے بالکل واضح کر دیا ،آئین و قانون کے تحت حلف اٹھا رکھا ہے، عدالتی فیصلوں پر حلف نہیں لیا، سپریم کورٹ نے جب جب آئینی تشریح کیں، پیچیدگیاں پیدا ہوئیں،الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا میں نے قانون نہیں بنایا، جنرل بات سے زیادہ نہیں کر سکتا، آرڈیننس کا دفاع نہیں کر رہا۔

چیف جسٹس نے کہا سپریم کورٹ میں کیسز کی ذمہ داری میری ہے، چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کیا اپنی کمزوری کو وجہ نہ بنائیں، وکیل سکندر بشیر نے بتایا میں نے آخری بار سنا تھا تو لاہور ہائیکورٹ میں شاید 62 ججز تھے،دوران سماعت چیف جسٹس نے ٹریبونلز تشکیل سے متعلق صدارتی آرڈیننس پر ریمارکس دیئے ریٹائرڈ ججز کا قانون کب بنایا گیا؟ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے تبدیلی کیسے کی جاسکتی ہے؟ ایک طرف پارلیمان نے قانون بنایا ہے، پارلیمان کے قانون کے بعد آرڈیننس کیسے لایا جا سکتا ہے؟ آرڈیننس لانے کی کیا وجہ تھی؟ کیا ایمرجنسی تھی ؟ الیکشن ایکٹ تو پارلیمان کی خواہش تھی، آرڈیننس کس کی خواہش تھی؟،وکیل نے بتایا آرڈیننس کابینہ اور وزیر اعظم کی خواہش تھی ۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا پارلیمان کی وقعت زیادہ ہے یا کابینہ کی؟ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا پارلیمان کی وقعت زیادہ ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آرڈیننس کے ذریعے ہائی کورٹ کے فیصلے کی نفی کی گئی ،چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ سلیمان اکرم راجہ سے کہا پہلے بھی لاہور ہائی کورٹ نے ریٹرننگ افسر کے معاملے پر پورا انتخابی عمل ہی روک دیا تھا، کیا الیکشن کمیشن کو ہی ختم کردیں، آپ اپنا کام کریں دوسرے کو اپنا کام کر دیں، جس کا کام ہے اسے کرنے دیاجائے، فرض کر لیں 2 آئینی اداروں کی بظاہر لڑائی ہے تو معاملے میں آپ کا کیا لینا دینا ہے،بعد ازاں چیف جسٹس نے سلمان اکرم راجہ کو ججز کیلئے ہینڈ پک کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دریافت کیا کیا آپ کو ہائی کورٹ کے کچھ ججز پر تحفظات ہیں؟ لاہور ہائی کورٹ کے حوالے سے ایسے ریمارکس کو تسلیم نہیں کریں گے، آرڈیننس کو دیکھ کر ہینڈ پک کا لفظ استعمال کر رہے ہیں، پارلیمان کے قانون کے بعد آرڈیننس کدھر سے آگیا؟ کوئی ایمرجنسی ہوتی تو سمجھ میں آتا ہے یہ بھی تو الیکشن میں مداخلت ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کیا آرڈیننس کو چیلنج نہیں کیا؟۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا آرڈیننس کو لاہور، اسلام آباد ہائی کورٹس میں چیلنج کیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے مختلف ہائی کورٹس کیوں؟ آرڈیننس تو پورے ملک میں لگے گا،بعد ازاں سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی الیکشن کمیشن کی استدعا مسترد کر دی اور لارجر بنچ کی تشکیل کےلئے معاملہ 3 رکنی کمیٹی کو بھجوا دیا،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں شامل 2 ججز اس وقت کراچی اور لاہور رجسٹری میں ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہی ہوگا، اجلاس میں معاملے پر لارجز بنچ کی تشکیل کےلئے غور ہوگا،سپریم کورٹ نے دیگر صوبوں میں ٹربیونلز کی تشکیل کی تفصیلات الیکشن کمیشن سے طلب کرلیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا دیکھنا چاہتے ہیں ٹربیونلز کی تشکیل کا مسئلہ دیگر صوبوں میں کیوں نہیں ہوا، معاملہ کمیٹی کے سامنے جتنی جلدی ممکن ہو رکھا جائے،چیف جسٹس نے کہا کمیٹی کے ایک ممبر لاہور دوسرے کراچی میں ہیں ، آئندہ ہفتے ہی معاملہ کمیٹی کے سامنے رکھا جاسکے گا، آپ مقدمے میں فریق ہیں بہتر ہوگا، آئندہ یونیفارم نہ پہن کرآئیں،الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا لاہورہائیکورٹ نے تمام نامزد ججز کو ٹربیونل کےلئے نوٹیفائی کردیا، لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کومعطل کیا جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سلمان اکرم راجہ صاحب حکم امتناع جاری کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کیلئے روک نہیں رہے، ممکنہ طور پر پیر کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بطور جج سپریم کورٹ حلف لے لیں گے،ساتھ ہی عدالت نے پی ٹی آئی کے 9 امیدواروں کو فریق بنانے کی استدعا منظور کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونلز کے قیام کیلئے اپنائے گئے طریقہ کار کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ججز کو الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے کے صدارتی آرڈیننس کےخلاف دائر درخواست پر فریقین کو جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 26جون تک ملتوی کردی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے رہنما ومعروف قانون دان بیرسٹر سلمان اکرم راجہ درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن نے جواب داخل نہ کرایا اور مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر فریقین کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی۔