سیاست سے بالاتر پاک چین دوستی بہت سی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہی،عطا تارڑ

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے چین کا اعلیٰ سطحی وفد سی پیک پر بات چیت کرےگا،پاک بیجنگ دوستی سیاست سے بالاتر و پائیدار ہے ،بہت سی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہی،لوگوں کی عید ایثار و قربانی کے جذبے کےساتھ گزرتی مگر ایک سیاسی جماعت کی عید پاک چین دوستی کےخلاف گزری ،تنقید برائے تنقید مناسب نہیں ہوتی، پاکستان سب کا ہے، تاقیامت قائم رہے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا عیدالاضحی پرامن گزری، عید پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کئے گئے،قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے امن و امان کو برقرار رکھا،وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت تمام قائدین عید الاضحی پر متحرک رہے،تمام سرکاری اداروں نے فرائض بخوبی نبھائے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہاوزیراعظم کا دورہ چین پر شاندار استقبال کیا گیا، پاک چین دوستی اور سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر بات ہوئی ، چین کی طرف سے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات خوش آئند ہے،چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی دلیل ہے۔

عطا تار ڑ نے کہاکچھ لوگ عید الاضحی پر تفریح گاہوں اور کچھ لوگ گرڈ سٹیشنوں کا رخ کرتے ہیں، معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے چاہئیں، بجلی چوری و بلوں کی عدم ادائیگی کے مسائل تمام صوبوں کے ساتھ مل کر حل کرنا ہوںگا،،تمام صوبوں کےساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، لوڈ شیڈنگ بجلی چوری یا لائن لاسزوالے علاقوں میں کی جاتی ہے،وفاق نے ہمیشہ تعاون کیا ، خیبر پختونخوا بھی پاکستان کا اتنا ہی حصہ ہے جتنا پنجاب پاکستان کا حصہ ہے،گرڈ سٹیشن کے بٹن آن کرنا کلچر بن گیا، چار بٹن اوپر نیچے کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا9مئی کے حملہ آوروں نے ملکی مفاد و سلامتی کو داﺅ پر لگایا، انتشار ٹولے سے کوئی بات نہیں ہوسکتی،کسی کے برا چاہنے اور برا سوچنے سے کچھ نہیں ہوگا۔