لاہور (اپنے نمائندے سے) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ سے انکی رہائش گاہ پر گرشتہ روز ملاقات کی۔ امیر کراچی منعم ظفر خان، ڈپٹی سیکرٹری یونس بارائی، ٹاون چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد، سیکرٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری،اقبال ہاشمی، عرفان سید، محمد ایوب، فرخ شاہ ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران ہر سال عید کی خوشیوں میں ہمارے ساتھ شریک ہوتے ہیں اور ہمارا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ ڈاکٹر فوزیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی ملاقات کے دوران ایک شیشے کی دیوارحائل تھی جس میں ایک دوسرے کی آواز سننا بھی مشکل تھا،میری ہمشیرہ کی حالت انتہائی خراب ہے، اس پر تشدد کیا جاتا ہے اور اذیت پہنچائی جاتی ہے،میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے اقدامات کرے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ قاضی حسین احمد مرحوم،سید منورحسن مرحوم اور سراج الحق سمیت دیگر ذمہ داران باقاعدگی سے عید کے موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ان کی والدہ سے ملاقات کیلئے آتے رہے ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی 21 سال سے امریکہ کی جیل میں قید ہے۔ سابق جنرل پرویز مشرف نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو چند ڈالر وں کے عوض امریکہ کے حوالے کیا تھا اور انہوں نے پاکستان کو امریکہ کی کالونی بنادیا تھا اور امریکی جنگ میں پاکستان کو شامل کردیا تھا جس کے نتیجے میں بلیک واٹر، سی آئی اے اور را پاکستان میں اپنی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہیں، جماعت اسلامی نے ہمیشہ ان کی رہائی کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ 21 سال میں کئی حکومتیں آئیں اور چلی گئیں اور سب ہی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے آتے تھے لیکن عملاً کچھ نہیں کیا۔تمام تر اختلافات کے باجود قوم کی بیٹی کو واپس لانے کیلئے جماعت اسلامی حکومت سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہے،وزیر اعظم اپنا کردار ادا کریں۔امریکی غلامی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ معاملہ کریڈٹ لینے کا نہیں قوم کا معاملہ ہے، پوری امت کا مسئلہ ہے، امریکہ جو پوری دنیا کو امن کا درس دیتا ہے اور عملا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ایسے جرم میں 86 سال کی قید کی سزا سنائی ہے جس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
اکیس سال میں کئی حکومتیں آئیں کسی نے عافیہ صدیقی کیلئے کچھ نہیں کیا :حافظ نعیم الرحمن

















