کراچی: (بیورورپورٹ)سندھ کابجٹ مسترد،وفاق پر اظہار تحفظات،ایم کیو ایم نے سیاسی جماعتوں سے رابطے کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دےدی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ہوا،ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال بالخصوص وفاقی و سندھ کے صوبائی بجٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، مرکزی کمیٹی نے سندھ کے صوبائی بجٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے شہری و سندھ دشمن بجٹ قرار دےدیا۔
اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں سے رابطے و ملاقاتوں کیلئے 4 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی، مصطفی کمال، فاروق ستار، امین الحق اور فیصل سبزواری شامل ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا صوبے کی متعصب حکومت نے بجٹ میں شہری سندھ کیلئے کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ اور شہری نوجوانوں کیلئے کوئی سکیم نہیں رکھی، کراچی سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد پیسہ دیتا ہے پھر بھی کراچی کی ترقی، انفراسٹرکچر اور شہریوں کو نظرانداز کیا گیا۔
ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے وفاقی بجٹ پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیااورتنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کے اضافی بوجھ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھانا ملک کے بڑے جاگیردار، سرمایہ دار اور وڈیروں کو تحفظ فراہم کرنے کے مترادف ہے،وزیر اعظم تنخواہ دار طبقے کا معاشی قتل عام بند کرنے کی ہدایات جاری کریں۔
صوبائی بجٹ مسترد،وفاق پر اظہار تحفظات،تنخواہ دار طبقے کامعاشی قتل عام بند کیاجائے،ایم کیو ایم


















