کراچی:(بیورورپورٹ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل عباسی نے کہا ہے سندھ کی عدلیہ میںمداخلت کی کوئی شکایت ہے نہ مجھ پر کوئی دباﺅ ڈالا گیا،واضح طور پر کہتا ہوں کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
محکمہ ریونیو کے اشتراک سے ہائیکورٹ میں ان لینڈ رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس عقیل عباسی نے کہاخفیہ اداروں کی مداخلت کی کوئی شکایت نہیں، کبھی کبھارکچھ نامعلوم سی چیزیں دیکھیں لیکن کسی کی جانب سے کوئی کال نہیں کی گئی، ماتحت عدالتوں میں بھی ایسا کوئی کیس نہیں سامنے آیا، سندھ کی عدلیہ پر کسی مخصوص کیس میں دباو ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی، پوری دیانت داری سے کہتا ہوں الیکشن ٹریبونل کے جج کا تبادلہ معمول کی کارروائی تھی ججز کے تبادلے کا نظام بہت پیچیدہ ہے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہاواضح طور پر کہتا ہوں مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا،کچھ کوششیں ضرور ہوئیں لیکن خدا کی رحمت سے مجھ پر کسی نے دباو نہیں ڈالا، میرا گمان ہے جج کرپٹ اور بے ایمان نہیں ہوسکتا، ماتحت عدالتوں کی صورتحال کوئی زیادہ بہتر نہیں، ماتحت عدالتوں کے ججز کو سہولتیں نہ ہونے کے برابر ملتی ہیں، میڈیا نے ہمیشہ مثبت رول ادا کیا ،جسٹس عقیل عباسی نے مزید کہاعدلیہ کی آزادی فیصلوں سے نظر آتی ہے، بظاہر ایسی کوئی بات نظر نہیں آئی، ایک 2بار کچھ ایسی کوشش ہوئی ، فوری سدباب کیابعد میں غلط فہمی ثابت ہوئیں۔
سندھ کی عدلیہ میں مداخلت کی شکایت ہے نہ مجھ پر دباﺅ ڈالا گیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ

















