نقوی متحرک،زرداری،بلاول،فضل الرحمن کوتحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر د اخلہ محسن نقوی روٹھوں کو منانے کیلئے متحرک،زرداری،بلاول،فضل الرحمن سے ملاقاتیں،تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی، صدر مملکت آصف زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور،ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف زرداری نے کہا پاکستان کو آگے لےجانا ہے ،سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سیاسی جماعتوں کو جمہوری و آئینی ذمہ داری نبھانے ہوئے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کو مقدم رکھنا ہے،ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف پاکستان کا سوچنا ہوگا،محسن نقوی نے کہا اتحاد و یکجہتی کی طاقت سے ہر چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے۔

دریں اثنا محسن نقوی نے بلاول بھٹو سے طویل ملاقات کی ،ذرائع کے مطابق ملاقات کا ایجنڈا صرف پیپلز پارٹی کی ناراضی دور کرنا تھا،وزیرداخلہ نے پیپلزپارٹی کے تحفظات سنے۔

بلاول بھٹو نے کہاپیپلزپارٹی کےساتھ تحریری معاہدے کی پاسداری نہیں کی گئی،اہم حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود بجٹ کےلئے پیپلزپارٹی سے تجاویز نہیں لی گئیں،بجٹ اجلاس سے بائیکاٹ تب ہی ختم ہو گا جب ن لیگ معاہدوں کی پاسداری کرے،محسن نقوی نے تحفظات دور کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدبرآںوزیرداخلہ نے سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن سے ملاقات کرکے عیادت کی، محسن نقوی نے فضل الرحمن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،محسن نقوی نے کہا فضل الرحمن سے 25 سالہ دیرینہ تعلق اور عزت و احترام والا رشتہ ہے۔