ایماندار افسران قابل عزت، سستی کا مظاہرہ کرنیوالے ناقابل معافی ہیں :آئی جی جیل خانہ جات

لاہور(مرزا ندیم بیگ)سنٹرل جیل ڈیرہ غازیخان کے ملاقات شیڈ میں تلاشی کی ڈیوٹی پر مامور دو ملازمین کو ملاقاتی سے کرسٹل آئس برآمد کرنے پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی جانب سے 10، 10 ہزار روپے کیش ایوارڈ سے نوازا گیا ،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حوالاتی ظفر ولد امیر بخش کی ملاقات کیلئے آئے صفدر عباس ولد اللہ بخش کی جانب سے حوالاتی کے سامان میں کرسٹل آئس جمع کروانے کی کوشش کی گئی تھی،تلاشی پر مامور ملازمین عبدالقیوم اور توقیر احمد نے دوران تلاشی سبز مرچوں کے اندر کرسٹل آئس جمع کروانے کی کوشش کو پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنا دیا اور کیش ایوارڈ کے مستحق ٹھہرے ہیں،تمام تر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے صفدر عباس ولد اللہ بخش کے خلاف ایف آئی آر درج کروا کر مزید کاروائی کیلئے حوالے پولیس کیا گیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں محنت ، لگن اور دیانتداری کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاران کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ ڈیوٹی کی ادائیگی میں سستی ، نااہلی اور بددیانتی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاران کو بھی نظر انداز نہیں کیا جائیگا۔ان کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی تمام سٹاف کو سختی سے احکامات دے رکھے ہیں کہ کرپشن یا کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں ہرگز معافی نہیں دی جائے گی اور جو ذمہ داری ،ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ان کو انعامات سے نوازا جائے گا حوصلہ افزائی کی جائے گی۔