مکہ مکرمہ (مشرق نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک نے عازمین حج کی رہائشگاہوں اور ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سرکاری عازمین حج سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔عازمین حج نے انہیں بتایا کہ اس سال حج کے انتظامات اور عملے کی کارکردگی مثالی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک نے کہا کہ پاکستانی عازمین کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب منیٰ لے جایا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی معاونین حج و پیرا میڈیکل عملہ مشاعر میں بھی عازمین حج کے ساتھ رہیگا، عازمین حج کو قربانی سے متعلق اطلاع پاک حج ایپ کے ذریعے ملے گی۔وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ وزارت میں قربانی کی رقم جمع کرانے والوں کی قربانی 10 ذی الحجہ ظہر تا عصر مکمل کی جائیگی۔انہوں نے درخواست کی ہے کہ عازمین حج امت مسلمہ، اپنے وطن پاکستان اور وزارت کو اپنی خصوصی دعاﺅں میں یاد رکھیں۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت حج گروپ آرگنائزرز آف پاکستان کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا۔حافظ طاہر اشرفی کی سربراہی میں پاکستانی نجی حج کمپنیوں کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ہدایت کی کہ سرکاری و پرائیویٹ عازمین حج کی مشاعر میں سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی عازمین حج سے دھوکہ کرنے والی کمپنیوں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے اس موقع پر حکام کو ہدایت کی کہ نجی حج ٹور آپریٹر طوافہ کمپنیوں کے ساتھ جامع معاہدے کریں، نجی سکیم کے حجاج کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایکشن کمیٹی بنائی جائے۔
سرکاری و پرائیویٹ عازمین حج کی مشاعر میں سہولتوں کو یقینی بنایا جائے:سالک حسین

















