عیدالاضحی پر تفریحی مقامات کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائیگی: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی ہدایت پر پنجاب پولیس نے عید قربان کے موقع پر صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے نماز عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے اپنے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 26 ہزار 500 سے زائد مساجد اور امام بارگاہوں اور 900 کھلے مقامات پر عید اجتماعات کی سکیورٹی پر 40 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں نماز عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی پر8 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہوں گے،صوبہ بھر میں 498 سپیشل پولیس، 260 کیو آر ایف ٹیمیں بھی سکیورٹی پر تعینات ہونگی جبکہ13249 میٹل ڈکٹیٹرز، 217 واک تھرو گیٹس اور 4475 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نماز عید سکیورٹی انتظامات کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجا ب نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 227 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سر انجام دے رہے ہیں۔دریں اثناءپنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کے سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت پولیس ملازمین کے 03 مزید بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری کے بعد قوت سماعت بحال ہو گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے روبصحت بچوں اور انکے والدین سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور ان سے سرجری کے بعد جاری علاج بارے دریافت کیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب غازی صلاح الدین سے ملازمین کے بچوں کے علاج معالجے کے اقدامات بارے گفتگوکی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پولیس ملازمین کے مختلف عارضوں کا شکار 2 ہزار سے زائد بچوں کو علاج معالجے میں بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے،پیدائشی طور پر قوت سماعت و گویائی سے محروم بچوں کو سرجری کے بعد روبصحت دیکھ کے بے حد مسرت ہوئی، آئی جی پنجاب نے کہاکہ قوت سماعت سے محروم 18 بچوں کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کروائی گئی جبکہ 176 بچوں کو ہیرنگ ایڈز فراہم کی گئیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پنجاب پولیس نے قوت سماعت سے محروم بچوں کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری پر 3 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کوکلیئر امپلانٹ سرجری سے روبصحت بچوں فضا، نمرہ، ہادی اور انکے والدین سے گفتگو کی۔ بچوں کے والدین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ قوت گویائی کی بحالی کیلئے سپیچ تھراپی بھی جاری ہے اور ہر گذرتے دن کے ساتھ بچوں کی حالت مزید بہتر ہو رہی ہے۔