اسلام آباد (بیورورپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے تمام معاشی اعشارئیے مثبت ہیں، پاکستان کی ترقی ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہی، سیاسی اور بیرونی دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے،اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا دشمن چاہتے ہیں پاکستان میں امن قائم نہ ہو ، دہشت گردی کی اس جنگ میں افواج، عسکری ادارے اور پولیس جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے ، چینی باشندوں کی سکیورٹی کو ترجیح دی جارہی ہے اور ہمیشہ دی جائے گی ،وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم کے دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی کامیاب ریا، وزیراعظم کی چینی صدر کے ساتھ سواتین گھنٹے ملاقات رہی، چینی صدر نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی ہے، کراچی سرکلر ریلوے پر اعلیٰ سطحی بات چیت ہوئی ، پورے دورہ چین کے دوران کوئی بھی فائر وال سننے میں نہیں آئی، دورے کے دوران دیوار چین ضرور دیکھی ہے لیکن کوئی اور وال نہیں سننے کو ملی،عطاتارڑ نے کہا ابھی حکومت کو 100دن نہیں ہوئے لیکن سالوں کا کام مہینوں میں ہورہا ہے، اللہ پاکستان کی خیر کرے یہ ایک تاریخی موڑ ہے، آپ دیکھیں گے ہم ترقی کی نئی منازل طے کریں گے ، ایک نام نہاد لیڈر نے پاکستان کو ہرجگہ رسوا کیا ، سیاست اور اقتدار سمیت ساری چیزیں بعد میں پاکستان پہلے ہے، این ای سی کی میٹنگ میں چاروں وزرائے اعلیٰ شامل ہیں، وزیر خزانہ اور وزیر منصوبہ بندی ایک پریس کانفرنس کریں گے، بجٹ کے حوالے سے جو چیزیں طے پائی ہیں اس کے بارے میں کچھ بتادیا جائے گا،رہنمامسلم لیگ نے کہا ہتک عزت کا قانون سب کیلئے ہے، بیرون ملک فوری معافی مانگنی پڑتی ہے، پاکستان میں ایسا کیوں نہیں ہوسکتا؟ صحافتی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
معاشی اعشارئیے مثبت، پاکستان کی ترقی ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہی : عطا تارڑ



















