پشاور (مشرق نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی۔ لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللّٰہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی۔
بعد ازاں کیپٹن الیاس فراز کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے چونیاں پہنچایا گیا جہاں نماز جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا، عسکری حکام، کور کمانڈر پشاور، حاضر سروس افسران، جوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے شہیدوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کیپٹن فراز الیاس کے جنازے کو کاندھا بھی دیا۔
شہباز شریف نے کیپٹن فراز الیاس شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور کہا کہ شہادت کا رتبہ اللہ کسی کسی کو بخشتا ہے، کیپٹن فراز کا خون رائیگاں نہیں جائےگا، قران گواہی دیتا ہے کہ شہید زندہ ہیں، پاکستان کے دشمنوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کیپٹن فراز الیاس کے گاوں کا نام شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔
حملے میں شہید ہونے والے دیگر افسران اور جوانوں کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دئیے گئے جہاں انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر شہدا کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہو گئے تھے۔
لکی مروت میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم سمیت عسکری حکام کی شرکت

















