ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی ،4 بچے جاں بحق، وزیر اعلیٰ کا نوٹس،کمشنر سے رپورٹ طلب

ساہیوال (بےورو رپورٹ) ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آگ لگنے سے 4بچے جاں بحق ہوگئے،ریسکیو 1122کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب نے کہا ہسپتال کے سٹاف اور سکیورٹی گارڈز نے 60 سے 70 بچوں کو وارڈ سے نکال کر ایمرجنسی میں منتقل کیا تاہم آگ لگنے اور دھوئیں سے 4 بچے جاں بحق ہوگئے،جاں بحق ہونیوالے بچے پیدائشی طور پر بیمار تھے، بچوں کو ایمرجنسی میں منتقل کرنے کے دوران ایک سکیورٹی گارڈبھی زخمی ہو ا، آتشزدگی سے چلڈرن وارڈ میں موجود تمام سامان جل گیا، ریسکیو 1122کی 5گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، دوسری جانب معاملے کی انکوائری کیلئے 5 رکنی انکوائری کمیٹی بنا دی گئی جس کے سربراہ ایم ایس ہوں گے، دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں آتشزدگی سے بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے،وزیر اعلیٰ مریم نوازنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیدیا ۔