لاہور(اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں زبردستی بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا گیا، اس حوالے سے قانون میں مجوزہ ترمیم کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے قانون میں ترمیم منظوری کےلئے کابینہ کو ارسال کردی جس میں قرار دیا گیا ہے بھکاری مافیا کے گینگ لیڈرز کو 10 سال قید کے ساتھ 20 لاکھ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا اور عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 3 سال سزا بھگتنا ہوگی،ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق معصوم بچوں، بزرگوں اور خواتین سے زبردستی بھیک منگوانے والے سخت سزا پائیں گے، معصوم بچوں کے اعضا ضائع کرنے اور زبردستی بھیک منگوانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، بچوں، بزرگوں اور خواتین سے زبردستی بھیک منگوانا سنگین جرم قرار دیا گیا ہے، اس سے قبل بھکاری مافیا کے گینگ لیڈرز کو سزا دلوانے کےلئے قانون موجود نہیں تھا، سنگین جرم میں ملوث مافیا لیڈر کا ٹھکانا جیل ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھکاری مافیا کو لگام ڈالنے کےلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب معصوم شہریوں پر ظلم کرنے والوں کیخلاف سرگرم عمل ہے، محکمہ داخلہ نے قانون میں ترمیم منظوری کےلئے کابینہ کو بھجوا دی ہے۔
زبر دستی بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم،گینگ لیڈر کو10سال قید،20لاکھ جرمانہ، قانون میں ترمیم منظوری کیلئے ارسال

















