عمران عام مجرم یا قیدی نہیں، الیکشن سے ثابت ہوگیا لاکھوں سپورٹرز ہیں،جسٹس اطہر

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سب سے بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ ہونے کے ناطے عمران خان کو براہ راست دکھانا کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ،بنیادی حقوق کے تحفظ کےلئے براہ راست نشر کرنا ضروری ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے نیب ترامیم کیس کی براہ راست نشریات درخواست مسترد کرنے پر اختلافی نوٹ جاری کردیا۔

13 صفحات پر مشتمل نوٹ میںجسٹس اطہر من اللہ نے لکھا عوام کو سپریم کورٹ کی براہ راست نشریات تک رسائی نہ دینے کی کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں بلکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں طے کیے گئے اصولوں کی خلاف ورزی ہوگی،سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کو جب گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تو کوئی عام قیدی نہیں تھے بلکہ آئین شکن فوجی آمر کی ریاستی مشینری کے متاثرہ فریق تھے، سپریم کورٹ نے 4 دہائیوں بعد حال ہی میں ذوالفقار بھٹو کی ناانصافی کا تذکرہ کیا لیکن بھٹو کو جو نقصان پہنچا مداوا نہیں ہو سکتا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہابےنظیر بھٹو ،نواز شریف بھی کوئی عام مجرم نہیں تھے، دونوں کو ریاستی طاقت کے غلط استعمال کا سامنا کرنا پڑا، دونوں رہنما عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے لاکھوں فالورز رکھتے تھے، دونوں کو ہراساں کرنے کےساتھ تضحیک کا نشانہ بنایا گیا ،غیر منتخب لوگوں کی جانب سے بغیر شواہد کرپشن کے مقدمات بنائے گئے۔

نوٹ میں جج نے کہاحیرانی کی بات ہے ایک اور سابق وزیراعظم کےخلاف متعدد ٹرائلز چلائے جا رہے ہیں جن میں سے کچھ میں سزا ہو چکی ، حالیہ عام انتخابات سے ثابت ہوا بانی پی ٹی آئی کے بھی لاکھوں سپورٹرز ہیں، کوئی عام مجرم یا قیدی نہیں ،منتخب عوامی نمائندوں کی تضحیک و ہراساں کیے جانے میں عدلیہ کا گٹھ جوڑ رہا،تاثر ہے اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے منتخب عوامی نمائندوں سے بدسلوکی کی جاتی رہی ،نیب قانون فوجی آمر نے 16 نومبر 1999 کو نافذ کیا،سیاستدانوں کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، مسلسل الزامات لگتے رہے نیب سیاسی انجینئرنگ کےلئے استعمال ہوتا رہا، غیر امتیازی سلوک کی وجہ سے عوام کی نظر میں نیب کی ساکھ و غیر جانبداری کو شدید نقصان پہنچا، نیب قانون کے سبب لوگوں کو کئی کئی ماہ حتیٰ کہ کئی کئی سال گرفتار رکھا گیا، نیب کہتا ہے ٹرائل 30 دنوں میں مکمل ہوگا، نیب کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، شاہد خاقان عباسی، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی کی نہ صرف تذلیل کی گئی بلکہ وقار بھی مجروح کیا گیا۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے اختلافی نوٹ میں مزید کہا بانی پی ٹی آئی نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایک انٹرویو میں سپر کنگ قرار دیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا جنرل (ر) باجوہ نیب کو کنٹرول کر رہے تھے، نواز شریف نے کہا پارلیمنٹ کو کوئی اور چلا رہا تھا، قمر جاوید باجوہ نے بیانات کی تصدیق کرکے اپنے ادارے کی سیاست میں مداخلت کو تسلیم کیا۔