تھانہ لوہاری کے علاقے میں سرعام ہوائی فائرنگ، منشیات فروشی ،جوئے کے اڈے بھی قائم

لاہور (حافظ کاشف سندھو) تھانہ لوہاری گیٹ کا علاقہ جواریوں اور منشیات فروشوں کا گڑھ بن گیا،جگہ جگہ منشیات اور جوئے کے اڈے قائم، پولیس کاروائی کرنے سے گریزاں۔منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرکے انکو تحفظ فراہم کیا جانے لگا۔ منشیات فروشوں کی نشاندہی کے باوجود ان کے خلاف کارواءنہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے تھانہ لوہاری گیٹ پولیس مبینہ طور پہ انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہے چھوٹے موٹے کارندوں کیخلاف کارروائی کرکے اعلیٰ حکام کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ دی جانے لگی۔ ذرائع کے مطابق تھانہ لوہاری گیٹ کے علاقہ سوتر منڈی چوک،اسلام گلی,اتحاد گلی ،کوچہ نون والا،بلو کیبل والی گلی ,شیشہ موتی ،چوک جھنڈا،چڑی ماڑا ،مونج کٹاں ،شیخ چٹخارہ چوک،گجر گلی ،گمٹی اور پیر بھولے والی گلی،نیا محلہ ،پھولوں والی گلی میں آئس اور چرس کی فروخت بلاخوف و خطر جاری ہے جبکہ جوئے کے اڈے بھی مختلف علاقوں میں کھل چکے ہیں جس وجہ سے علاقہ کے نوجوانوں کا مستقبل تیزی کے ساتھ برباد ہو رہا ہے۔منشیات فروشی کے باعث علاقہ میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے تھانہ لوہاری گیٹ کی حدود میں تنگ گلیوں میں کرایہ داروں کی مناسب چیکنگ نہ ہونے کی وجہ سے اشتہاریوں کی محفوظ پناہ گاہ تصور کیا جانے لگا گزشتہ دنوں بھی تھانہ لوہاری گیٹ کے علاقے سے کرایہ پر رہائش پذیر کافی عرصے سے پولیس کو مطلوب ایک خطرناک ڈکیت کو سی آئی اے پولیس نے ریڈ کرکے گرفتار ،کیا درویش صفت ایس ایچ او لوہاری گیٹ کار خاصوں اور ٹاوٹوں کی فوج ہونے کے باوجود بے بس اور لاعلم نظر آنے لگ۔۔ کرایہ داروں کی بھر مار کے باعث لڑائی جھگڑے چوری چکاری کی وارداتیں بھی عام ہیں تھانہ لوہاری گیٹ کے چند اہلکار وں نے پیدا گیری کا بازار گرم کر رکھا ہے ملزمان کو تھانے لے جانے کی بجائے مقامی سیاسی اثرو رسوخ کے حامل افراد کے ذریعے مبینہ طور پر ڈیل کرکے جیبیں گرم کر لیتے ہیں ،بڑھتی ہوئی منشیات فروشی کی وجہ سے شرفاءکا جینا محال ہو چکا ہے اور لوگ علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔یکم جون کو اتحاد گلی کی رہائشی بشریٰ بیگم زوجہ عبدالطیف نے ایف آئی آر درج کرائی جس کے مطابق ملزمان اسکے گھر کے باہر منشیات فروخت کررہے تھے، انکو منشیات فروشی سے منع کیا جس کی پاداش میں انہوں نے اسکے بیٹوں کو زخمی کر دیا۔ علاقے کے نوجوان پڑھنے کی بجائے سارا دن پان شاپس اور تھڑوں پر بیٹھے سگریٹ نوشی یا مختلف نشوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ تھانہ لوہاری گیٹ میں کرائم کا گراف بھی پہلے سے بڑھ چکا ہے۔ اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سے مطالبہ کیا ہے کہ لوہاری گیٹ کے علاقوں میں ہونیوالے جوئے اور منشیات فروشی کیخلاف کارروائی کیلئے ایس ایچ او لوہاری گیٹ کو سختی سے پابند کیا جائے اور ہدایت کی جائے وہ ٹک ٹاک سے توجہ ہٹا کہ اپنے کام پر مکمل فوکس کریں تاکہ علاقہ سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ ہو۔