اسلام آباد(بیورورپورٹ)سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے عالمی یوم ماحول 2024 کے موقع پر پیغام میں کہا ہے ہر سال 5 جون کو ماحول کا عالمی دن منایا جاتا ہے جو ہمارے ارد گرد کے قدرتی ماحول کے تحفظ کی یاد دہانی کراتا ہے، یہ دن اقوامِ متحدہ ماحول پروگرام کی زیر ِسرپرستی منایا جاتا ہے جس کا مقصد ماحول کو درپیش چیلنجز کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے، چیلنجز میں آلودگی ، جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت ، جنگلی حیات کے بقا ءکو لاحق خطرات، سطح سمندر کا بلند ہونا اور خوراک کا عدم تحفظ شامل ہیں،رواںسال ماحول کے عالمی دن کا موضوع ”زمین کی زرخیزی کی بحالی، بیابانی کی روک تھام اور خشک سالی پر قابو“ ہے،یہ دن ہمیں اپنی زمین ، سمندر اور ساحلی علاقوں موجود ہر شے کی حفاظت کی ناگزیر ضرورت کی واضح یا دہانی کراتا ہے، پاکستان کی وسیع و عریض ساحلی پٹی ہزاروں افراد کو معاش کے وسائل تک رسائی فراہم کرتی ہے، ہمارے سمندری وسائل متنوع حیاتیات کا قیمتی خزانہ ہیں جو جسیم سمندری کچھووں سے خوبصورت چٹانوں تک کی سمندری حیات کی مدد کرتے ہیں تاہم ہمارے ساحلی علاقے اور میرین ایکو سسٹم کو انسانی سر گرمیوں سے شدید خطرات لاحق ہیں جن میں سمندری آلودگی ، سمندر اور ساحل پر تیل کا گرنا اور صنعتی فضلہ شامل ہے جو بحری حیات کیلئے خطرہ ہیں اور غذائی تسلسل کو آلودہ کرتے ہیں، ضرورت سے زائد اور غیر متوازن ماہی گیری کی عادات مچھلی کی آبادیوں میں کمی اور میرین ایکو سسٹم کے توازن کو خراب کرتی ہے، سطح سمندر کی بلندی ساحلی کٹاﺅ کا باعث بنتی ہے جس میں جنگلات کی کٹائی اور عمارتوں کی تعمیر سے ہولناک اضافہ ہوا ہے جو ساحلی آبادی کی بقا ءکیلئے بہت بڑا خطرہ ہے، پاکستان میں ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور افسروں و جوانوں میں شعور و آگاہی کے فروغ کیلئے پاکستان نیو ی ماحول کاعالمی دن مناتی ہے تاکہ بحری ماحول کیلئے سازگار اطوار کو اپنایا جائے، ماحول کی بہتری کیلئے پاکستان نیوی نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں جن میں پاک بحریہ کے زیر ِ نگرانی علاقوں میں پانی صاف کرنے والے پلانٹس کا قیام اور شجرکاری مہمات قابل ذکر ہیں،پاک بحریہ تواتر کےساتھ سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور محکموں کو شعور دلاتی ہے بحری آلودگی اور خشک سالی کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات میں شانہ بشانہ شامل ہوں۔
ساحلی علاقے ، میرین ایکو سسٹم کو انسانی سر گرمیوں سے شدید خطرات لاحق ہیں:سربراہ پاک بحریہ



















