رئیل سٹیٹ سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے فائلرز اور نان فائلرز کیلئے ٹیکس شرح بڑھانے پر غور

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت رئیل سٹیٹ سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے جائیداد بیچنے اور خریدنے والے فائلرز اور نان فائلرز دونوں کیلئے ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجاویز زیر غور کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذاتی غیر منقولہ جائیداد کی تعریف تبدیل کرنے پر بھی غور، مختلف شہروں میں رئیل سٹیٹ کی قدر کے گوشواروں میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے، 5کروڑ تک کی مالیت کی جائیدادوں پر تین فیصد، 7 کروڑ تک 4 فیصد اور 10 کروڑ کی جائیدادوں پر 7 فیصد ٹیکس جائیداد بیچنے والوں سے لیا جائےگا۔

یہ بھی زیر غور ہے کہ کیپٹل گینز کو آمدنی میں شامل کیا جائے (افراد کے معاملے میں، اس طرح کے گینز کو ”جائیداد سے آمدنی“کے تحت اور کارپوریشنز کے معاملے میں، اس طرح کے گینز کو ”کاروبار سے آمدنی“کے تحت شامل کیا جائے۔

یہ تجویز کیا گیا ہے کہ انکم ٹیکس کے سیکنڈ شیڈول کے پارٹ I کے کلاز (126D) میں اسپیشل ایکسپورٹ زون میں صنعتی ادارے کیلئے کیپٹل گینز کی چھوٹ کو ختم کیا جائے۔ رئیل سٹیٹ فیڈریشن کے صدر نے اس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دہرے ٹیکسوں کے نفاذ سے گریز کیاجائے، پہلے ہی 25 ارب ڈالرتک سرمایہ کاری کیلئے دوسرے ملکوں میں جاچکے ہیں۔

جائیدادوں پر محصولات میں اضافے سے متعلقہ ایک اور تجویز بھی ہے جو کہ اگرچہ براہ راست بجٹ بنانے کی مشق سے براہ راست متعلق تو نہیں ہے لیکن ایف بی آر مختلف شہروں میں املاک کے قیمتوں کے گوشواروں کو بڑھا سکتا ہے تاکہ مارکیٹ ریٹ اور ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں فرق کو کم کیاجاسکے۔