ریاست کیخلاف کھڑے ہونے والے سے مذاکرات نہیں ہوں گے،اسحاق ڈار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاہے ریاست کیخلاف کھڑے ہونے والے سے مذاکرات نہیں ہوں گے،پاکستان کو کئی بار ٹیک آف کرتے ہوئے گرا چکے اورکتنی بار گرانا ہے،بس بہت ہوگیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہامذاکرات و مفاہمت پر پختہ یقین ہے اسی پارلیمنٹ کے سامنے 126 دن کے دھرنے کو مذاکرات سے اٹھایا ، سیاست میں مفاہمت و مذاکرات ہوتے ہیں اور ہونے چاہئیں،سانحہ 9 مئی ریاست کےخلاف اٹھنا تھا، جی ایچ کیو، جناح ہاو¿س اور تنصیبات پر حملہ کرنے پر کوئی معافی نہیں دے سکتا، فارمیشن کمانڈرز کااعلامیہ ہر پاکستانی کا موقف ہے، سانحہ 9 مئی میں ملوث عناصر کےلئے کوئی رعایت مناسب نہیں،چینی انجینئرز پر حملے کے ملزموں تک پہنچ چکے، سیکرٹری داخلہ اور دفتر خارجہ کے افسر کابل گئے ہیں، چینی شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد پر افغان حکام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے کہاوزیراعظم شہبازشریف 4 سے 8 جون تک چین کا دورہ کریں گے، بیجنگ سے اچھی خبریں آئیں گی، سعودی ولی عہد بھی پاکستان آئیں گے، محمد بن سلمان کے والد کی طبیعت خراب ہے، محمد بن سلمان نے صرف پاکستان ہی نہیں جاپان کا دورہ بھی ملتوی کیا ۔

دریں اثنا امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی،پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور ،انسداد دہشتگردی تعاون، پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، سلامتی، علاقائی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کےلئے امریکی حمایت کا اعادہ کیا،کاروباری روابط بڑھانے اور سرمایہ کاروں کےلئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کےلئے حمایت کی یقین دہانی کرائی۔