عوام کو ریلیف ملنا شروع، ایل پی جی 70روپے کلو سستی،پٹرولیم قیمتوں میں بھی کمی متوقع،مہنگائی میں مزید کمی ہوگی:وزارت خزانہ

لاہور،اسلام آباد (کامرس رپورٹر،بیورورپورٹ) ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی آ گئی جس کے بعد آئندہ ہفتے بھی ایل پی جی مزید سستی ہونے کا امکان ہے،چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کے لوکل ڈسٹری بیوٹرز اور امپورٹرز کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں قیمت 60 سے 70 روپے کم ہوکر 250 روپے سے 180 روپے فی کلو پر آ گئی ہے، درآمد شدہ ایل پی جی کے 3 جہاز کراچی پورٹ پر پہنچتے ہی او جی ڈی سی ایل نے پیداواری لاگت کم کر دی ہے اور ایل پی جی کا ایک اور جہاز دو تین روز میں پاکستان پہنچ جائے گا جس کے بعد قیمت میں مزید کمی ہوگی،عرفان کھوکھر نے کہا اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت 238 روپے مقررہ کی تھی مگر مافیا 240 سے 250 روپے فی کلو فروخت کر رہا تھا، ایل پی جی مافیا کی بلیک میلنگ پر اوگرا اور دیگر حکومتی ادارے بھی خاموش تماشائی بنے رہے، او جی ڈی سی ایل نے صرف چند افراد کو نوازنے کےلئے قیمت میں کمی کی، او جی ڈی سی ایل نے ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 32 ہزار میٹرک ٹن تک کمی کی ہے جس کے بعد ایل پی جی کی پیداواری قیمت ایک لاکھ 62 ہزار میٹرک ٹن سے کم ہو کر 1 لاکھ 30 ہزار پر آگئی ہے ،آئندہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت میں مزید کمی ہوگی علاوہ ازیں یکم جون سے آئندہ 15 روز کےلئے پٹرول کی فیلٹر قیمت میں ساڑھے 5 روپے کمی متوقع ہے،ذرائع کے مطابق ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 4 روپے 30 پیسے تک کمی کا امکان ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 8 پیسے تک کمی متوقع ہے،مٹی کا تیل آئندہ 15 روز کےلئے 2روپے 15 پیسے سستا ہونے کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے گا،اوگرا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے ورکنگ 31 مئی کو حکومت کو بھجوائے گا، قیمتوں سے متعلق حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے، وزارت خزانہ کی جانب سے قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا مزید برآں وزارت خزانہ نے ملک میں مہنگائی میں مزید کمی کی پیش گوئی کردی، مئی کے مہینے میں مہنگائی 13.5 سے 14.5 فیصد رہنے کا امکان ہے،وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق معاشی بحالی کے ثبوت ملنا شروع ہوگئے، آئی ایم ایف کےساتھ 3 سالہ نئے قرض پروگرام کےلئے باقاعدہ مذاکرات شروع کیے گئے، آئی ایم ایف قرض پروگرام مستحکم پالیسی کےلئے انتہائی اہم ہے، قرض پروگرام سے بیرونی سیکٹر مستحکم ہوگا اور سرمایہ کاری بڑھے گی، رپورٹ کے مطابق رواں سال زرعی شعبے کی پیداوار 6.25 فیصد رہی ہے، معاشی استحکام کےلئے پالیسیوں میں تسلسل لازمی ہے، رواں مالی سال ترسیلات زر، برآمدات، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر، ایف بی آر محصولات، نان ٹیکس آمدنی میں بھی اضافہ دیکھا گیا جبکہ رواں مالی سال روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے اور مہنگائی میں کمی ہوئی، ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10.6 فیصد اضافہ ہوا، درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 5.3 فیصد کی کمی، بیرونی سرمایہ کاری میں 10 ماہ میں 93.1 فیصد بڑھی، زرمبادلہ ذخائر میں 10 ماہ میں 5 ارب ڈالر تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں روپے کی قدر میں 9 روپے تک اضافہ ہوا جبکہ جولائی سے اپریل تک ایف بی آر محصولات میں 30.6 فیصد کا اضافہ ہوا، مالی سال نان ٹیکس آمدنی میں 94.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مالی سال مالی خسارے میں 26.8 فیصد بڑھا ہے،رپورٹ میں وزارت خزانہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے رواں مالی سال مہنگائی 28.2 فیصد سے کم ہوکر 26 فیصد پر آگئی ہے۔