ضلعی ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال میں مزید بہتری لائی جائے:گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کی رینکنگ میں اضافہ، پورے ملک کے سیلاب متاثرہ علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب میں سیلاب زدگان کی مدد اور ریسرچ ، اکیڈیمکس کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یونیورسٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کوالٹی، سٹینڈرڈ اور پیشنٹ کیئر میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی سطح کے ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال میں مزید بہتری کی جائے۔ ان کامزید کہنا تھا کہ جلد فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کا دورہ اور ڈینز کمیٹی کے ساتھ ملاقات بھی کروں گا۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے دوران بریفنگ یونیورسٹی کی کارکردگی اور گریجویٹ ٹریننگ پروگرام کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا ریسرچ جرنل پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے حالیہ ماہ میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل، ریسرچ اور بزنس انکیوبیشن ڈیپارٹمنٹس میں خاطر خاہ بہتری لائی ہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے المنائی کی مدد سے کشانی بستی ضلع راجن پور میں 300 کے گھروں، اسکول، کمیونٹی سینٹر اور ڈسپنسری کی تعمیر کی جا چکی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی بہت جلد ضلع راجن پور میں ٹیلی میڈیسن کی خدمات فراہم کرنے جا رہی ہے جہاں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ بریفنگ میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی سے ملحقہ ہسپتال ،جس میں سر گنگا رام ہسپتال، گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ اور گورنمنٹ موزنگ ٹیچنگ ہسپتال شامل ہیں ، مریضوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہے۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کی رپورٹ بھی پیش کی۔