مخصوص سیاسی جماعت یوم تکبیر کو 1971ءسے منسلک کررہی ہے : طلال چوہدری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مخصوص سیاسی جماعت یوم تکبیر کو 1971ءسے منسلک کررہی ہے،آج پھر ہمیں ضرورت ہے کہ تمام ادارے مل کر ایک کھڑے ہوں اور مایوسی پھیلانے والوں کو ناکام کریں، پاکستان کی عزت اور سکیورٹی کو بہتر بنائیں،ہم جو پہلے کچھ نا کرسکے وہ اب کر کے دکھائیں گے اور پاکستان کو کامیاب کریں گے۔انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 28مئی پر فخر کرتے ہیں، 28مئی کو پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنا۔یوم تکبیر کو منانے کے بجائے منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، پاکستان کے اداروں، فوج کو، دشمن کے اداروں کے طور پر پیش کیا جارہا ہے، مخصوص سیاسی جماعت یوم تکبیر کو 1971ءسے منسلک کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم 28مئی والے ہیں 9مئی والے نہیں، 9مئی جان بوجھ کر کیا گیا، 1971ءکو ذہن میں رکھتے ہوئے 9مئی کیا گیا لیکن وہ لوگ ناکام ہوئے، ہم 28مئی کو یہ عزم کرتے ہیں کہ 9 مئی والے پھر ناکام ہوں گے، پاکستان کامیاب ہوگا، جیسے 28مئی کو پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا ہم آج عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت کو بھی ایسے ہی کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس دن تک پہنچانے والوں میں نواز شریف کا کردار اہم ہے، کوئی کچھ بھی کہے مگر پوری طاقتور دنیا ایک طرف کھڑی تھی اور پاکستان اور اس کے ادارے، افواج اور میاں صاحب کی قیادت دوسری طرف پاکستان اور عالم اسلام کیلئے کھڑے تھے، آج پھر ہمیں ضرورت ہے کہ تمام ادارے مل کر ایک کھڑے ہوں اور مایوسی پھیلانے والوں کو ناکام کریں، پاکستان کی عزت اور سکیورٹی کو بہتر بنائیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ 28مئی کو نا صرف یوم تکبیر ہوا بلکہ آج ہی نواز شریف جماعت کے صدر بن رہے ہیں، یوم تکبیر زندہ باد، 9مئی والے مردہ باد، 9مئی، شیخ مجیب اور سقوط ڈھاکہ کی ویڈیوز لگانے والے ناکام ہوں گے۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ ہم جو پہلے کچھ نہ کرسکے وہ اب کر کے دکھائیں گے اور پاکستان کو کامیاب کریں گے۔