جوڈیشل کونسل میں سنیارٹی کے اصول پر تعیناتیاں ہونی چاہئیں: پنجاب بار کونسل

لاہور (کورٹ رپورٹر) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا ہے کہ ججز تقرری کےلئے 7جون کو ہونے والے جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں سنیارٹی کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے تعیناتیاں ہونی چاہئیں ،وکلاءاپنی کاز کیلئے چٹان کی طرح متحد ہیں ، ہم نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے بلکہ ہم یہ درخواست کر چکے ہیں کہ انتظامی کمیٹی کے دیگر معزز ججز صاحبان مذاکرات کا ماحول پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے بیان میں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر بشیر مغل نے کہا کہ جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں کوٹہ سسٹم کی بنیاد پر تعیناتیوں کی سفارش کی جانی چاہیے جس کے تحت تینوںججز کے تقرر کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے ہی نام ہونے چاہئیں ، ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ججز تقرری میں سنیارٹی کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متنازعہ نوٹیفکیشن ، وکلاءپر دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات کی واپسی اور وکلاءپر تشدد کرنے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے مطالبات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،وکلاءاپنے مطالبات کی منظوری تک اپنی پر امن تحریک کو جاری رکھیں گے ۔اس تحریک میں کچھ وکلاءبے نقاب بھی ہوئے ہیں ، ذاتی مفادات اور لالچ میں آکر وکلاءکاز کو نقصان پہنچانے سے گریز کیا جانا چاہیے ،ہم واضح پیغام دیتے ہیں کہ وکلاءکسی کے کہنے پر بارز کی اجتماعی کاز کے خلاف کردار ادا کرنے سے بازر ہیں ۔یہ کہا جارہا ہے کہ لاہور بار کی وجہ سے ہمارے کسی سے تعلقات خراب ہو گئے ہیں تو ایسا کچھ نہیں ہے ، ہمارے کسی سے تعلقات خراب نہیں ہوئے ،ہم سب لاہور بار کے وکلاءکا ساتھ دیں گے،ہم بار کو کسی بھی جماعت کی سیاست سے دور رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ جب بھی بارز سیاسی جماعتوں کی سیاست پر عمل پیرا ہوئیں اس سے کمزور ہوئیں ۔ہم برملا کہتے ہیں ہم کسی سیاسی جماعت یا کسی اور کے نمائندے ہیں نہ کسی کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں،ہم صرف وکلاءہیں اور ہمارا ایجنڈا وکلاءکی عزت ہے ،ہم وکلاءکو متحد رکھیں گے ، ہماری تحریک ہماری اولین ترجیح ہے اوراس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔