فارم 47 والے صرف بوٹ پالش کرنے کےلئے حکومت میں آئے ہیں،اعظم سواتی

فیصل آباد: (صداقت علی)پی ٹی آئی کے رہنما اعظم سواتی نو مئی کے مقدمات میں فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈیوٹی جج جاویدالحسن نے اعظم سواتی کی 24 جون تک ضمانت منظور کر لی۔

عدالت سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ان لوگوں نے پوری ریاست کو تباہی کے راستے پر لگا دیا ہے۔ ہر ادارہ ختم کیا جا رہا ہے۔ فارم 47 والے صرف بوٹ پالش کرنے کے لئے حکومت میں آئے ہیں۔ پورے پاکستان میں ہماری پیشیاں ہو رہی ہیں۔میں چاہتا ہوں کہ خان کو بھی باہر نکال کر ان کی پیشیاں ہوں تاکہ پاکستان دیدار کے لئے اکٹھا ہو۔ ظالم لوگ ظلم کی انتہا کر رہے ہیں۔ رﺅف حسن کے ساتھ ہونے والے ظلم کی مذمت کرتا ہوں۔ یہ واقعہ بچے بچے کے دل پر لکھا گیا ہے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ جب ریاست ظلم کرتی ہے تو پھر وہ ریاست نہیں رہتی۔ اللہ کرے کہ طاقتوروں کو سمجھ آ جائے کہ وہ ملک کو تباہی کی طرف لے جا چکے ہیںحالانکہ انہوں نے اس ملک کی حفاظت کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ مجھے خدشہ ہے کہ یہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے ملاقات میں مجھے کہا کہ کشمیر میں جو ہوا وہ ٹریلر تھا جبکہ کے پی میں بھی جگہ جگہ حالات خانہ جنگی کی طرف جا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاملک میں گندم کے معاملے میں کسان کو لوٹا اور ذلیل کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد کی انڈسٹری بھی تباہ کر دی گئی ہے اور کارخانے کھنڈر بن گئے ہیں۔ میں الیکشن سے پہلے یہاں آیا تھا تو انڈسٹری ایسے چل رہی تھی جیسے جنوبی کوریا یا چین ہو۔ انہوں نے کہا کہ بشکیک میں ہمارے بچوں اور بچیوں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔علی امین گنداپور متاثرہ بچوں کی مدد کر رہے ہیں ۔ ہم نالائق اور ظالم وفاقی حکومت کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے لوگوں کو سینے سے لگا رہے ہیں۔ جس طرح بچیوں کو وہاں گھیسٹا گیا ،اس فارم 47 کی حکومت پر لعنت ہے۔ اعظم سواتی نے کہا کہ جس طرح باجوہ بھاگ گیا ، ان لوگوں کا بھی کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ان کی شکلیں نفرت کی علامت بن چکی ہیں ، بچہ بچہ ان سے نفرت کرتا ہے۔ کل پھر میری خان صاحب سے ملاقات ہے ، ان سے مزید ہدایات لوں گا۔