محکمہ ایکسائز شراب کی فروخت کیلئے بائیومیٹرک سسٹم نافذ کرنے میں ناکام

لاہور (علی جنید) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول شراب کی فروخت کیلئے بائیو میٹرک سسٹم نافذ کرنے میں عارضی سطح پر ناکام ہو گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آفس میں تعینات دو افسران نے لاہور کے پانچوں پرمٹ روم منیجرز سے ساز باز کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ جاری کرنا معمول بنا لیا جبکہ بلیک میں شراب کے ریٹ کو تقویت دی جارہی ہے جس کے باعث شراب کی خود ساختہ قیمتیں تین سو گنا بڑھا دی گئی ہیں اور جس کا حصہ ڈی جی آفس کے مخصوص افسران کو بھی پہنچایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب فیصل فرید نے تعیناتی کے بعد شراب کو کنٹرول کرنے کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دی جو روزانہ کی بنیاد پر پرمٹ رومز منیجرز سے شراب کی فروخت کا کھاتہ تشکیل دیں گے اور بعد ازاں شراب کی فروخت کو بائیو میٹرک سسٹم میں لانے کا عمل شروع کیا گیا اور گزشتہ قریب ایک ماہ سے اس پر کام کیا جس رہا ہے اور قریب 14000 پرمٹ کو بائیو میٹرک میں لانے کا عمل جاری ہے لیکن اس عمل کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے اس پر سے توجہ ہٹا لی اور جو کمیٹی تشکیل دی تھی ان کے جذباتی منہ زبانی کلام پر ہی مطمئن ہیں اور اس دوران سرعام شراب کی فروخت جاری ہے اور پرمٹ رومز کی جانب سے ڈی جی آفس میں دیکھ بھال کا فرض سرانجام دینے والے دو افسران سے مکمل ساز باز ہے جس پر شراب کی فروخت بلیک میں جاری ہے اور باقاعدہ حصہ مذکورہ دو افسران کو جاری ہے ۔ اس پر ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ایکسائز کو اس معاملہ پر فوری نوٹس لینا ضروری ہے۔