نیب ملکی تباہی کا سبب بنا،موجودہ حکومت اسی راستے سے آئی جس سے عمران خان آئے تھے: شاہد خاقان

کراچی(بیورورپورٹ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے عمران خان جس راستے سے آئے موجودہ حکومت بھی اسی راستے سے آئی، نیب صرف ملکی معیشت کی تباہی کا باعث بنا ہے، سیاسی جماعت ایک دن میں نہیں بنتی، اگلے ماہ تک سیاسی جماعت وجود میں آجائے گی، احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا آج بھی عدالت نے پوچھا کہ جرم کیا ہے؟، نیب والے بھی بتاتے ہیں مالی فوائد نہیں اٹھائے، نیب والے یہ بھی بتانے سے قاصر ہیں کہ کون سے اختیارات سے تجاوز کیا؟ بدقسمتی سے لوگ کئی سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، نیب کے پاس کوئی شواہد نہیں ہوتے، جن لوگوں نے کیس بنائے ہیں، سابق چیئرمین نیب کو جواب دہ تو ہونا پڑے گا، مستقبل میں جھوٹے کیسز سے بچنے کےلئے عدالت کوئی فیصلہ کرے گی، اسلام آباد والے کیس کو بھی واپس لے لیا گیا ہے جب تک ملک میں انتظامی طور پر کوئی بڑی تبدیلی نہیں آتی اس وقت نہیں اچھا ہونے کی امید نہیں، عوام کہہ رہے ہیں الیکشن چوری شدہ ہیں، باجوہ صاحب نے ہائبرڈ حکومت کی بات کی، آئین میں ہائبرڈ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں، آئین توڑنے کےخلاف کبھی کارروائی نہیں ہوئی،شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جس راستے سے آئے موجودہ حکومت والے بھی ایسے ہی آئے ہیں، خاص مقاصد کی تکمیل کے لئے الیکشن سے پہلے سیاسی جماعتیں بنائی جاتی ہیں، ہم عوامی مسائل کی بات کرتے ہیں، ہم اسٹیبلشمنٹ کی جماعتیں چھوڑ کر آئے ہیں، ملکی مسائل کے حل کےلئے قابل لوگوں کو اختیارات دینے ہوں گے، سیاسی جماعتوں نے اقتدار کا راستہ اپنا لیا ہے،قبل ازیں کراچی کے علاقے کلفٹن میں احتساب عدالت کے روبرو ایم ڈی پی ایس او کی تقرری کےخلاف نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی۔