بشکیک،اسلام آباد،اوکاڑہ،حجرہ شاہ مقیم،فورٹ عباس،کوٹلی،بدین(مشرق نیوز،نمائندگان)کرغزستان میں طلبہ گروپوں میں لڑائی اور ہنگامہ آرائی، بلوائیوں کے پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبہ کے ہاسٹلز ،اپارٹمنٹس پر حملے،متعدد زخمی،پاکستانی لڑکیوں نے واش رومز میں چھپ کر جانیں ،عزتیں بچائیں،پاکستان نے کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے دفتر خارجہ طلب کرکے شدید تشویش سے آگاہ کیا ، وزیراعظم کا کر غزستان میں پاکستانی سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ، طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کرغزستان کے شہر بشکیک میں مقامی و غیر ملکی طلبہ کی لڑائی کی زد میں پاکستانی بھی آ گئے، مقامی افراد نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملہ کر کے وہاں موجود پاکستانیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ،متعدد زخمی ہو گئے،حملہ آوروں نے ہاسٹل کے دروازے ،کھڑکیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے، پاکستانی طلبہ خوفزدہ ہو گئے، ہاسٹل میں پاکستانی طالبات کو ہراساں کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق بشکیک میں مقامی افراد نے غیر ملکی طلبہ بشمول پاکستانیوں پرحملہ کیاجن کا چند روز قبل مصری شہریوں کےساتھ جھگڑا ہوا تھا،بشکیک میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے متعدد ہاسٹلز ،پاکستانیوں سمیت بین الاقوامی طلبہ کی نجی رہائش گاہوں پر حملے کیے گئے،سفارتخانے نے کہا اب تک کسی پاکستانی طلبہ کی موت یا ریپ کیے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی،پاکستانی طلبہ گھروں کے اندر رہیں،باہر مت نکلیں۔
پاکستانی طالبہ نے کہا ہاسٹلز سے باہر پانی ،کھانا لینے بھی نہیں جاسکتے، 13 مئی کو جھگڑا مصری طلبہ سے ہوا تھا مگر مقامی افراد نے غصہ گزشتہ رات پاکستانی و بھارتی طلبہ پر نکالا ،طالبات کو ہراساں بھی کیا گیا، پاکستانی لڑکیوں نے واش رومز میں چھپ کرجانیں و عزتیں بچائیں، کرغز پولیس اور پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کوئی مدد نہیں کی گئی،پاکستانی سفارتخانے سے کوئی جواب نہیں مل رہا ،ایئر پورٹ جانے والے غیرملکی طلبہ پر بھی حملے کیے جارہے ہیں۔
طلبہ نے کہاجھگڑا کرغز طلبہ کے مصری طالبات کو ہراساں کرنے پر شروع ہوا اور پھر مصری طلبہ کے ردعمل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے،کرغز طلبہ نے غیرملکی طلبا و طالبات پر حملے کیے ،سوشل میڈیا پر بھی حملوں کےلئے اکسایا گیا،کرغزستان میں پھنسے اوکاڑہ،حجرہ شاہ مقیم ، آزاد کشمیر، فورٹ عباس اور بدین کے طلبہ نے اپنے پیغامات میں کہاحملوں میں مارا پیٹا گیا،ہاسٹل میں محصور ہیں ،پانی،کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہوگئیں،مقامی طلبا کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں مگر ملک نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ والدین قرض لے کر پڑھا رہے ہیں،زندگی کو شدید خطرہ ہے ،دوبارہ حملے بھی ہوسکتے ہیں،حکومت مدد کرے۔
دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے کر غزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی طلبہ سے ملاقات کرکے ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی،سفیر نے وزیر اعظم کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا واقعہ میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلبہ کی معاونت کر رہا ہے۔
وزیر اعظم نے تاکید کی طلبہ کے والدین کےساتھ مسلسل رابطے میں رہیں ،زخمی طلبہ کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی جائیں اور واپسی کے خواہاں طلبہ کو پاکستان لانے کیلئے انتظامات کیے جائیں،زخمی ہونےوالے طلبہ کی واپسی کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی،شہبازشریف نے کہاکر غزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اپنے طلبہ کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، حکومت کر غزستان کی حکومت کےساتھ بھی رابطے میں ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کومدد و معاونت فراہم کرنے کیلئے انجینئر امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت کر دی،امیر مقام بشکیک میں غیر ملکی طلبہ مخالف حالیہ فسادات کے تناظر میں اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے،وزیر اعظم نے کہا کرغزستان میں غیر ملکی طلبہ مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، زخمی پاکستانی طلبہ کو سفارتخانے کی جانب سے علاج معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائی جائے،مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
ادھر وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ اعزاز خان نے کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے طلب کرکے کرغزستان میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کےخلاف واقعات کی رپورٹس پر حکومت پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔
وزارت خارجہ نے کہاپاکستانیوں کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے حکومت پاکستان کرغز حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے، کرغز حکام نے بشکیک میں پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبہ کےخلاف تشددکے واقعات پر افسوس کا اظہاکرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کرانے ،قصورواروں کو سزا دینے کا وعدہ کیا ۔
دفتر خارجہ نے کہاکرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے نے ہنگامی ہیلپ لائن کھول دی ، سفارتخانے نے طلبہ،اہلخانہ کے سوالات کے جوابات دئیے ، سفیر حسن علی ضیغم اعلیٰ کرغز حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں،کرغز وزارت صحت کے مطابق 4 پاکستانیوں کو ابتدائی طبی امداد دیکر فارغ کر دیاگیا، ایک پاکستانی جبڑے کی چوٹ کے باعث زیر علاج ہے،وزارت خارجہ نے کہا حکومت پاکستان دنیا بھر میں اپنے ہم وطنوں کے تحفظ و سلامتی کے معاملے کوبہت سنجیدگی سے لیتی ہے، کرغز حکومت کو پاکستانی طلبہ،شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں، حکومت پاکستان ہم وطنوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کےلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
مزید برآںنائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر جمہوریہ کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز سے ملاقات کی اور پاکستانی شہریوں بالخصوص متاثرہ طلبہ کی بڑی تعداد ، اہل خانہ کے خدشات سے نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز کو آگاہ کیا۔
پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے کرغز حکومت پر زور دیا پاکستانی شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دیں،کرغز نائب وزیر خارجہ نے کہا کرغز حکام نے صورتحال پر قابو پالیا ،پولیس تمام ہاسٹلز کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے ،معاملے کی براہ راست نگرانی کرغزستان کے صدر کر رہے ہیں،نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز نے پاکستانی سفیر کو یقین دلایا کرغزستان کی حکومت حملے کے مجرموں کےخلاف قانونی کارروائی کرے گی، کچھ پاکستانیوں سمیت 14غیر ملکی شہریوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی ، ایک پاکستانی شہری زیر علاج ہے۔
علاوہ ازیں کرغزستان میں موجود پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے کہا ہاسٹلز پر حملوں میں 14 طلبہ زخمی ہوئے ،ایک پاکستانی ہے، کمیونٹی سے اپیل ہے سوشل میڈیا کی خبروں پر یقین نہ کریں،وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سفارتخانے کو خصوصی ہدایت دی ہیں پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن سہولت دی جائے ،کرغز حکومت نے سفارت خانے کو یقین دہانی کرائی غیر ملکی طلبا محفوظ رہیں گے،پولیس کو الرٹ کردیا گیا ، کرغز پولیس نے تحقیقات شروع کرکے کچھ مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا ،تمام طلبہ ہاسٹل سے باہر نہ نکلیں۔
کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبہ پر حملے، متعدد زخمی،ناظم الامور کی طلبی، ڈی مارش



















