اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کشمیر کاز کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہا ہے،پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کےساتھ دھڑکتے ہیں ،کیسے ممکن تھا آزاد کشمیر میں بہن بھائی مشکل میں ہوں اورچین سے بیٹھیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے ن لیگ آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں پارٹی وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
شہبازشریف نے کہاآپ اپنی بھرپور کوشش کریں آزاد کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے ،پاکستان کشمیر کاز کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہا ہے،کشمیریوں کی ہمیشہ اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین وانگ جائی چینگ کی قیادت میں چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے وفد نے ملاقات کی اورمعدنیات و کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
شہبازشریف نے چینی کمپنی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاحکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے،چین پاکستان کا دیرینہ دوست و ترقی میں اہم شراکت دار ہے، ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت وعوام کی شکر گزارہے۔
وزیر اعظم نے چینی کمپنی کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں کان کنی سے لےکر برآمدی اشیا کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاپاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے معدنیات نکالنے، پراسیسنگ اور مصنوعات کو برآمد کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔
علاوہ ازیںوزیر اعظم شہباز شریف سے مشروبات بنانے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی،شہبازشریف نے کہابیرونی سرمایہ کاروں و کاروباری برادری کو ملک میں روزگار کی فراہمی، ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے حکومت ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے ،خوش آئند امر ہے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ،بین الاقوامی کمپنیاں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبیلیٹی (CSR) کے تحت سرگرمیوں سے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دےدی،منظوری پاکستان موسمیاتی تبدیلی ایکٹ 2017کے تحت دی گئی۔
علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف جون کے پہلے ہفتے چین جائیں گے، کابینہ اراکین، اعلیٰ سرکاری حکام بھی ہمراہ ہوں گے ،چینی صدر سے ملاقات، سی پیک کے اگلے مرحلے میں دو طرفہ تعاون اور دہشتگردی کےخلاف تعاون پر مشاورت ہوگی،ذرائع کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات میںمتعدد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
چینی کمپنی کی سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی، کشمیر کاز کو اجاگر کر رہے ہیں، شہباز

















